نیویارک (آئی این پی) امریکہ کے معروف معاشی اخبار نے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کوبھول جائیں کیونکہ پاکستان معاشی ترقی میں سب سے آگے ہے ، وزیراعظم نوازشریف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افراط زر ،بجٹ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی آئی ہے اور فوجی آپریشن سے دہشتگردی کے واقعات میں بھی واضح اور نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔معروف امریکی ہفت روزہ ”بارونز ایشیا“ میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو بھول جائیں کیونکہ پاکستان ،بنگلہ دیش اور سری لنکا معاشی ترقی کی دوڑ میں آگے نکل آئے ہیں۔ تینوں ممالک میںمعاشی ترقی کی شرح بہت بہتر ہے ۔اور ان تینوں ممالک میں پاکستان معاشی ترقی میں سب سے آگے ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افراط زر ،بجٹ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی آئی ہے لیکن سب سے زیادہ اہم بات یہ کہ فوجی آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردی کے واقعات میں واضح اور نمایاں کمی ہوئی ہے ۔مذکورہ تینوں ممالک میں معاشی تبدیلی پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔ایسٹ کیپٹل فنڈ مینیجر ایڈرین پوپ کے مطابق چینی سرمایہ کاری سے 50ارب ڈالر نئی سڑکوں ،نقل وحمل کے لنکس اور توانائی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے ۔پاکستان اس سے بھی زیادہ اقتصادی ترقی کی شرح حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس سے توانائی اور مواد کے اسٹاک کو فائدہ ہوگا۔دسمبر میں پاکستان سٹاک ایکس چینج نے چینی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم کیلئے 40فیصد حصص فروخت کیے۔ گزشتہ سال کے آغاز سے کراچی اسٹاک انڈیکس 50فیصد سے زائد ہے ۔ اس سے پاکستانی بنچ مارک میں غیر فعال فنڈز سے کروڑوں ڈالر آئیں گے ۔واضح رہے کہبارونز معروف اشاعتی کمپنی ڈوو اینڈ جونز کا اخبار ہے جو ممتاز جریدہ ”وال سٹریٹ جرنل ”بھی شائع کرتی ہے۔
