لاہور(پ ر)کوکا کولا کمپنی نے ورلڈ وائلڈ فنڈ فار نیچر(ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے ساتھ عالمی شراکت داری میں کلائمٹ ریزیلینس پروگرام متعارف کرادیا ہے،جس کا مقصدصوبہ پنجاب میں پانی کی بچت اور پائیدار زراعت کی ریزیلینس کو بڑھانے کیلئے خطرات کی نشاندہی اورموسمیاتی تبدیلی کیلئے ریزیلینس پیدا کرنا ہے۔
اس ضمن میں پہلے اقدام کے طور پر،ڈبلیو ڈبلیو ایف نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ”ماحولیاتی تبدیلی کیلئے مربوط ریزیلینس ایکشن پلان“کے عنوان سے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا،جس میں سرکاری اداروں،غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز)اور نجی اداروں کے کلیدی شراکت داروں نے شرکت کی۔
کوکا کولا پاکستان و افغانستان کی ڈائریکٹر پبلک افیئرز،کمیو نیکیشنز اینڈ سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری کا کہناہے کہ کوکا کولا کی ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ ایک دہائی پرانی شراکت داری ایک وسیع ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور ایک مضبوط پائیدا ر ایجنڈا کا باعث ہے،ہمیں یقین ہے کہ ہم ایک مضبوط فریم ورک کی تشکیل اورپیچیدہ موسمیاتی تبدیلیوں کی آفات کے حل کیلئے کلائمٹ ریزیلینس کیلئے اپنے باہمی عزم کو مضبوط کرسکتے ہیں۔“
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان نے پاکستان میں آبی وسائل پر موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ”2022کے تباہ کن سیلاب کے نتیجہ میں اہم فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،یہ واقعات موسمیاتی تبدیلیوں کے انتہائی واضح اشارے ہیں،پاکستان کا آبپاشی کا نظام،جو کہ عالمی سطح پر آبپاشی کے سب سے بڑے نظام میں سے ایک ہے،انتہائی فرسودگی کا شکار ہے اور اسی باعث پانی کا بے پناہ ضیاع معمول بن گیا ہے۔اس تناظر میں پانی کے وسائل کے بہتر انتظام کیلئے قیادت کی فراہمی اور واٹر اسٹیورڈ شپ کی حکمت عملیوں کے نفاذ میں کارپوریٹ سیکٹر کے ممکنہ کردار کو تسلیم کرنابہت ضروری ہے،ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اس طرح کے اقدامات کے ذریعہ ریزیلینس پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔پانی اور غذائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پانی کے استعمال کو بہتر بنانے،زرعی اجناس کے نظام میں تبدیلی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ بہت ضروری ہے۔“
کوکا کولا کی عالمی آبی حکمت عملی،مقامی پانی کے تحفظ،پانی کے بہتر استعمال کی پالیسیوں کی وکالت،اور اپنے آپریشنز و کمیو نٹیز میں پانی کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعہ پانی کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔پانی منصوبہ کے تحت Coca-Cola Icecek نے 2013سے سالانہ 15ایم ایل پانی بھرا ہے اور 10لاکھ لوگوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی فراہم کی ہے۔پاکستان بھر میں 35واٹر فلٹرنگ یونٹس لگائے گئے ہیں جن کی انفرادی صلاحیت فی گھنٹہ 2ہزار لٹر سے زائدپینے کا پانی صاف کرنے کی ہے،اور ان میں سے ہر ایک یونٹ سے روزانہ 20ہزار سے زائد افراد فائدہ اٹھاتے ہیں۔کوکا کولا فاؤنڈیشن کے فنڈنگ سے انڈس ارتھ ٹرسٹ نے ”واٹر فار وویمن“منصوبہ کا آغاز کیا،جس کے ذریعہ2017سے سالانہ 150ایم ایل پانی فراہم کیا گیا اورضلع ٹھٹھہ کے علاقہ کوہستان میں 40دیہاتوں کے2200گھرانوں کی مدد کی گئی،مزید بر آں، ماؤنٹین اینڈ گلیشئرپروٹیکشن آرگنائزیشن (ایم جی پی او)کے تعاون سے،گلگت بلتستان میں 1لاکھ40ہزار لوگوں کو پانچ ملین لٹرز سے زائد صاف پانی فراہم کیا گیا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے حال ہی میں راوی بیسن میں کوکا کولا کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ فنڈنگ کی مدد سے ایک واٹر شیڈ ہیلتھ اسسمنٹ اسٹڈی بھی کروائی،جس سے علاقہ میں پانی سے متعلق اہم مسائل کی نشاندہی ہوئی۔اس مقامی تشخیص سے پتہ چلا کہ پراجیکٹ کا اگلا مرحلہ ایسی مداخلتیں تیار کرے گا جو واٹر شیڈ مینجمنٹ پلان کی تیاری میں مدد کریں گی،یہ دریا کے پانی کے معیار و مقدار،بہتر ماحولیاتی نظام اور بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور ترقی میں کردار ادا کریگا۔