لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے عظیم اور تاریخی دن کے موقع پر میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری بچے کے سکول داخلے، غربت ، بے روزگاری ، جہالت کے اندھیرے دور کرنے ، سفارش ، دھونس دھاندلی، کرپشن، ناانصافی اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنے تک چین سے نہیںبیٹھوںگا اور اس سفر میں معاشرے کے ہر طبقے کو میرا ساتھ دینا ہے اور ہم سب نے مل کرایک ٹیم کے طور پر اس مشکل سفر کو طے کرنا ہے – قرار داد پاکستان کی لاج رکھتے ہوئے محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے -ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں ایسی فلاحی اسلامی ریاست بنانا ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز رنگ و نسل آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں – انصاف ، میرٹ اور قانون کی حکمرانی سکہ رائج الوقت ہو اوراس منزل کے حصول کے لئے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے – سفر مشکل اور طویل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ تحریک قیام پاکستان اورقرار داد پاکستان والے جذبے کو زندہ کر کے ہم منزل حاصل کرسکتے ہیں – وزیر اعلی شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے آج ان سے ملاقات کی-وزیر اعلی شہباز شریف نے کہاکہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن ہے – 23 مارچ 1940 ءکو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہندوستان کے کونے کونے سے مسلمان منٹوپارک میں اکٹھے ہوئے اور قائد اعظم ؒکی کرشماتی قیادت میں صرف 7 سال کے عرصہ میں مسلمان ایک علیحدہ مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئے-قائد اعظمؒ کی قیادت میں اکٹھے ہونے والے سب لوگ متحد اور پرعزم تھے اور ایک نیک مقصد کے لئے جدوجہد میں شریک تھے-ان میں نہ کوئی شیعہ تھا اور نہ کوئی بریلوی ، نہ ہی کوئی اہل حدیث اورنہ کوئی دیوبند ، سب کے سب متحد ہو کر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے تھے- انہوں نے کہاکہ ہمیں جائزہ لینا ہے کہ اس تاریخی دن کو گزرے 77 سال ہو چکے ہیں کیا ہم نے قائد اعظمؒ کی روح اور تحریک پاکستان کے عظیم شہداءکی لازوال قربانیوںکے ساتھ کیا انصاف کیا ہے ؟انہوںنے کہا کہ یوم پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پر میرا وعدہ ہے سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کریں گے اورکسی صورت عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے – انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور خدمت خلق کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا-انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور تمام منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جا رہے ہیں – انہوںنے کہا کہ ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کےلئے محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور انشاءاللہ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو ، قانون کی حکمرانی اور ہر شہری کو آئین کے مطابق بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب یکساں حقوق حاصل ہوں۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لندن میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کے باہر حملے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے- وزیراعلی پنجاب نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے-وزیراعلی نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت ےابی کے لئے دعاکی ہے ۔وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میںبرطانوی عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اورزخمی افراد کے ساتھ ہےں ۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیںاور معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد انسان نہیں، سفاک درندے ہیں اور وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں اور وہ کڑی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میںبرطانیہ کے ساتھ ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی ایک بےن الاقوامی مسئلہ بن چکاہے اور دہشت گرد اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے مل کر مربوط انداز مےں کام کرنا ہے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تپ دق (ٹی بی ) سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ تپ دق کے دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں اس مرض سے بچاﺅ اور علاج معالجے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے-انہوں نے کہاکہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے اورٹی بی کے علاج کے لئے ادویات، اچھی غذا اورصحت مند ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے-انہوں نے کہاکہ ملک میں ٹی بی کا خاتمہ اوراس کے علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں ٹی بی کے مریضوں کو علاج ، تشخیص اورادویات کی مفت سہولت میسرہے-انہوں نے کہاکہ ٹی بی جیسی متعدی بیماری سے بچاﺅ کےلئے ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے- صحت عامہ کے شعبہ کے متعلقہ ماہرین کو ٹی بی کی روک تھام کےلئے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
