بنگلادیش کے خلاف پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنالیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کو عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں شان 57، صائم ایوب 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 16، بابراعظم 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 29 اور آغا سلمان 14 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز اور تسکین احمد نے 2، 2 جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بےچین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔