نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تازہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ایک بالکل نئے ہیئر اسٹائل کیساتھ دیکھا گیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ امریکی ریاست فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ پر واقع اپنی زیرملکیت ‘ٹرمپ انٹرنیشنل گولڈ کلب’ میں مداحوں کے ہجوم کے درمیان موجود ہیں اور ان کا پرتپاک استقبال کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کلپ وائرل ہوتے ہی صارفین کی توجہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے ہیئر اسٹائل کیجانب مبذول ہوگئی جو واضح طور پر تبدیل نظر آرہا ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے ٹرمپ کے نئے ہیئر اسٹائل کو خوب سراہا جبکہ بعض صارفین نے توجہ دلائی کہ ٹرمپ نے ہاتھ میں کیپ تھام رکھا ہے، لہٰذا ممکن ہے کہ زیادہ دیر کیپ پہننے کیوجہ سے انکے سارے بال پیچھے ہوگئے جس سے انہیں نیا لُک مل گیا۔
رواں برس امریکی صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
صدارتی انتخابات میں ٹرمپ 295 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے کے بعد فتح یاب ٹھہرے، انہوں نے ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کو شکست دی تھی، جنہوں نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ دوسری بار امریکی صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی رنگین مزاجی، مضحکہ خیز بیانات اور جارحانہ اقدامات کے باعث امریکی تاریخ کے متنازع ترین صدر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف 1970 سے اب تک 26 خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آچکے ہیں، جن میں فحش اداکارہ اسٹارمی کے ساتھ جنسی اسکینڈل نے سب سے زیادہ شہرت حاصل کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 شادیاں کیں اور تینوں بیگمات کا فیشن اور شوبز انڈسٹری سے کسی نہ کسی طرح تعلق رہا ہے۔