اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان نے مصباح الحق کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور انھیں عمران خان سے بہتر کپتان قرار دے دیا، ساتھ ہی انھوں نے جاوید میاں داد کو ‘ناکام کوچ’ قرار دے ڈالا۔شہریار خان نے قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ بورڈ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کا فائنل کراچی میں منعقد کروانے کے لیے پر عزم ہے جس کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کی جارہی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس عبدالقہار خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور پی سی بی کے دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث 5 کھلاڑیوں میں سے ایک کھلاڑی محمد عرفان کو سزا دی جا چکی ہے جبکہ باقی 4 کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔