لاہور(اے این این)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا ہے کہ سیریز اوپن ہے اور ہ م جیتنے کی بھرپور کوشش کرینگے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کالی آندھی کے کپتان نے مزید کہا کہ کھلاڑیوںسے کہہ دیا ہے کہ تیسراٹیسٹ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنی ہے ۔ پہلے سے ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور فیصلہ کن معرکے میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ فاسٹ باﺅلر شینن گیبریئل نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کپتان اور ساتھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہے ۔ کارکردگی تو اچھی ہے مگر کوشش کرونگا تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں بھی فتح میں اہم کردار ادا کروں ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کپتان کی حکمت عملی کی وجہ سے ملی ۔ ہماری خواہش ہوتی ہے کہ وہ بہتر نصیحت کریں تاکہ نتائج اچھے آئیں ۔باﺅلنگ بہتر کرنے میں کوچ نے بھی بہتر کردار ادا کیا ہے ۔ان کا شکر گزار ہوں کہ باﺅلنگ میں بہتری آئی ہے ۔پہلے میچوں کی وکٹیں فاسٹ باﺅلرز کیلئے اچھی نہیں تھیں آئندہ بھی حریف کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے جیتنے کی کوشش کرینگے ۔ویسٹ انڈیز کے کوچ سٹورٹ لا نے پاکستان کیخلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں کی پچوں کو ناقص قرار دیدیا ۔ انہوں نے کہا کہ توقع نہیں تھی کہ اتنا اچھا کم بیک کرینگے ۔پچ پر گھاس نہ ہو تو فاسٹ باﺅلر ز کیلئے وکٹیں حاصل کرنا مشکل ہو جا تا ہے ۔ کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہو رہا ہے اور مستقبل میں اچھے نتائج ملیں گے ۔ ہمارے کھلاڑیوں کو لیگ سپنر کو کھیلنے میں دشواری پیش آرہی ہے اور کوشش کر رہے ہیں اس خامی کو جلد دو کریں ۔یاسر شاہ کیخلاف بھی حکمت عملی بنا لی ہے اور فیصلہ کن میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔پاکستان ویسٹ انڈیزکے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 10 سے شروع ہو گا۔ میچ کو ونڈسر پارک روسیو ڈومینیکا میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے کھیلا جائیگا۔
