پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ہردلعزیز اداکارہ کبریٰ خان شادی کے بعد اپنے پہلے پراجیکٹ کیساتھ جلد ٹیلی ویژن اسکرین پر دھوم مچانے والی ہیں جسکی تفصیلات نے شائقین کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کردیا۔
ماہ فروری میں خانہ کعبہ جیسے مقدس مقام پر ساتھی اداکار گوہر رشید کیساتھ نکاح کرکے نئی زندگی کی شروعات کرنے والی اداکارہ کبریٰ خان ان دنوں اپنی زندگی کے خوبصورت دنوں کا لطف اٹھارہی ہیں۔
لیکن اسی کیساتھ ساتھ وہ نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھیں جسکا پہلا اسپیل اب مکمل ہوچکا ہے اور جلد ٹیلی ویژن اسکرین کی زینت بننے والا ہے۔
ویسے تو کبریٰ خان قبل ازیں جس بھی ڈرامے کا حصہ بنیں اسے کامیابی دلوائی جن میں صنف آہن، ہم کہاں کے سچے تھے، الف اور جنت سے آگے جیسے نام شامل ہیں، اور اب ایک بار پھر اس نئے پراجیکٹ سے متعلق بھی یہی توقع کی جارہی ہے کہ یہ ڈراما بھی شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔
کبریٰ خان اور شجاع اسد کے آنے والے ڈرامے کی تفصیلات:
اطلاعات کے مطابق کبریٰ خان کیساتھ اس نئے ڈراما سیریل میں شجاع اسد کا نام بھی شامل ہے جو تن من نیل و نیل، خئی اور اے عشقِ جنون میں اپنی متاثر کن پرفارمنس سے مشہور ہیں۔
جبکہ ان دنوں کبریٰ خان کو ڈرامہ ’میری تنہائی’ میں شاندار اداکاری پر سراہا جا رہا ہے، ساتھ ہی شجاع اسد ڈرامہ سیریل ’پیراڈائز’ میں نظر آ رہے ہیں اور اب اطلاعات ہیں کہ یہ دونوں اداکار جلد ہی ایک ساتھ نئے ڈرامے میں دکھائی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کبریٰ خان، عدیل حسین اور شجاع اسد اس وقت نجی ٹیلی ویژن کے پرائم ٹائم ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری نامور پاکستانی ہدایتکارہ مہرین جبار کر رہی ہیں۔
ڈرامے کی کاسٹ میں صبا حمید، محمد احمد، مرینہ خان، شہزاد نواز، ہاجرہ یامین اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔ ہدایتکارہ مہرین جبار نے شوٹنگ کے پہلے اسپیل کی پردے کے پیچھے کی تصاویر بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بنائیں جس میں ڈرامے کی مکمل کاسٹ کو دیکھا جاسکتا ہے۔
فلم میکر مہرین جبار نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے نئی امیدیں وابستہ کیں اور کیپشن میں فینز کو بتایا کہ‘ابھی حال ہی میں تاحال بے نام سیریل کے پہلے اسپیل کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔ ان تمام محنتی عملے کا دل سے شکریہ جنہیں ہمیشہ انڈسٹری میں کم سراہا جاتا ہے، لیکن جن کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ اور اس زبردست، مثبت توانائی سے بھرپور کاسٹ کا بھی شکریہ جنہوں نے شوٹنگ کے دوران جادو تخلیق کیا۔ اگلے اسپیل کا شدت سے انتظار ہے۔‘
اس پوسٹ کے منظر عام پر آتے ہی مداح اس نئے ڈرامے کے حوالے سے بہت پُرجوش ہیں، جس میں ان کے پسندیدہ اداکار جیسے کبریٰ خان، شجاع اسد اور عدیل حسین جیسے نام شامل ہیں ۔