تازہ تر ین

اننیا پانڈے کا خوبصورتی کے جھوٹے معیار پر احتجاج

یوں تو ہر فنکارہ ہی کی تعریفیں نہیں ہوتیں، کچھ ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں اداکاری میں سو فیصد بہترین قرار دے دیا جائے لیکن جسمانی ساخت اور رنگ نسل کے سبب انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ بالی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اننیا پانڈے کیساتھ بھی ہوا، اننیا نے جب فلم نگری میں قدم رکھا تو انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکارہ کے مطابق 2019 میں جب انہوں نے کرن جوہر کی  فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 ’ سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا تو انہیں اپنے کام کے لیے ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، وہ اپنی پرفارمنس اور ‘نیپو بےبی’ ہونے کی وجہ سے ٹرول کی گئیں۔

اور صرف یہی نہیں بلکہ انہیں انکی جسمانی ساخت پر بھی خوب ٹرول کیا گیا اور مرغی کی ٹانگیں جیسے القابات سے نوازا گیا۔

حالانکہ اس سے قبل بھی اداکارہ اس موضوع پر اپنی آواز بلند کرچکی ہیں اب ایک بار پھر انہوں نے للی سنگھ کیساتھ  گفتگو میں اپنی جسمانی ساخت پر تنقید اور بالی وڈ کے غیر حقیقی حسن کے معیار پر بات کی۔

 اننیا نے کہا کہ اُن کے جسم اور شکل و صورت پر ہونے والی مسلسل قیاس آرائیوں کے بارے میں اُن کے پاس کہنے کو صرف ایک بات ہے  کہ،’آپ کبھی جیت نہیں سکتے!’۔

پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران  اداکارہ نے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ،’جب انہوں نے  بالی وڈ میں قدم رکھا، تو اُنہیں مسلسل ‘مرغی کی ٹانگیں’ اور ‘ماچس کی تیلی’ جیسے الفاظ سے شرمندہ کیا گیا۔

اداکارہ کے مطابق حالانکہ وقت کے ساتھ ساتھ اُن کا جسم قدرتی طور پر بدلنے لگا اور اُن میں ہلکی سی نسوانی ساخت ابھرنے لگی، تب بھی لوگوں کی طرف سے بے بنیاد قیاس آرائیاں جاری رہیں۔

اننیا پانڈے کا کہنا تھا کہ،‘جب میں نے شروعات کی تو میری عمر 18-19 سال تھی، اور میں واقعی بہت دبلی پتلی تھی۔ ہر کوئی میرا مذاق اڑاتا تھا، کہتے تھے ‘اوہ، تمہاری تو مرغی کی ٹانگیں ہیں، تم ماچس کی تیلی جیسی لگتی ہو’۔

انہوں نے بتایا کہ،‘ شروعات میں یہ سب سننا پڑا اور اب جب میرا جسم قدرتی طور پر بدل رہا ہے اور تھوڑا بھر رہا ہے، تو لوگ کہنے لگتے ہیں ‘اس نے تو سرجری کروائی ہے، اس نے تو بٹ بنوایا ہے’یعنی آپ کبھی جیت نہیں سکتے’۔

اننیا نے بہت ایمانداری سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات خواتین ہی خواتین کے لیے سب سے زیادہ تنقیدی ہوتی ہیں، اور مردوں کے ساتھ ایسا سلوک کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

اداکارہ کا دل شکستہ انداز میں مزید یہ بھی کہنا تھا کہ،‘لوگ ہمیشہ کچھ نہ کچھ کہیں گے اور تنقید کریں گے، اور یہ میں نے خود دیکھا ہے۔اور اب مجھے لگتا ہے یہ ہماری بھی غلطی ہے، کیونکہ ہم نے فلموں میں غیر حقیقی خوبصورتی کے معیار قائم کیے ہیں۔ میں بھی ایک اداکارہ ہونے کے ناطے کبھی کبھار ایسا پیغام دیتی ہوں کہ  جو فلمیں میں نے کی ہیں یا جو گانے میں نے کیے ہیں، اُن میں یہ دکھایا جاتا ہے کہ آپ صبح اُٹھتے ہی خوبصورت ہوتے ہیں، بال بنے ہوتے ہیں  جو کہ حقیقت نہیں ہے! اور کہیں نہ کہیں ہمیں اس توازن کو قائم کرنا پڑے گا۔’

اسی انٹرویو میں جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ اس توازن کو کیسے قائم کر رہی ہیں تو جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’آپ کو اس بارے میں بات کرنی پڑتی ہے، لوگوں کو بتانا پڑتا ہے کہ جو دکھایا جاتا ہے وہ حقیقت نہیں ہے۔ ہم بھی ویسے نہیں لگتے۔ اور میں کوشش کرتی ہوں کہ اس تاثر کو متوازن رکھوں  شاید اس طرح کہ جب میں کیمرے سے دور ہوتی ہوں تو ویسا بننے کی کوشش نہ کروں۔’

کام کے حوالے سے بات کریں تو اننیا پانڈے کو آخری بار اکشے کمار اور آر مادھون کے ساتھ فلم ’Kesari Chapter 2’ میں دیکھا گیا تھا اور اب  وہ ’چاند میرا دل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں اداکار لکشیا بھی ان کے ہمراہ ہیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain