فوربز نے اپنی 30 انڈر 30 ایشیا کی فہرست کے دسویں ایڈیشن کی نقاب کشائی کی ہے، جس میں براعظم ایشیا کے ان 30 نوجوان افراد کو اعزاز دیا گیا ہے جو انٹرٹینمنٹ، آرٹس، ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس سال بالی وڈ سے منتخب چند اداکاروں میں اننیا پانڈے اور ایشان کھتر شامل ہیں، دونوں کو ان کی فنکارانہ نشوونما اور عالمی سطح پر موجودگی کی وجہ سے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے نے 2019 میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 سے بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا اور گزرتے وقت کے ساتھ ہندی فلم انڈسٹری میں مستقل طور پر اپنے لیے جگہ بنائی ہے۔
برسوں کے دوران اداکارہ نے مختلف قسم کے کردار بڑی خوبصورتی سے نبھائے،اور اسکرین کے مختلف تجربات کے ساتھ ساتھ فیشن میں بھی اپنی مضبوط اسٹیٹمنٹ قائم کی ہے۔
اننیا کا سب سے حالیہ کام اکشے کمار اور آر مادھون کے ساتھ کیسری چیپڑ 2 میں نظر آیا، یہ فلم سانحہ جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے بعد کے سیاسی نتائج پر مرکوز ہے، جس میں اننیا نے ایک مضبوط اور مشکل کردار بخوبی نبھایا۔
آف اسکرین، اننیا نےرواں سال کے اوائل میں عالمی فیشن ہاؤس چینل کے لیے پہلی انڈین سفیر بن کر سرخیوں میں جگہ بنائی، یہ ایک ایسا اقدام ہے جو سنیما سے باہر ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو اجاگر کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اننیا نے سوشل انیشی ایٹو بھی شرور کر رکھا ہے جو سائبر بُلنگ کے مسئلے پر توجہ مرکوز کرتا ہے جس نے یوتھ آئیکن کے طور پر اداکارہ کے عوامی تشخص میں حصہ ڈالا ہے۔
دوسری جانب ایشان کھتر نے اپنے کرئیر کا آغاز بیونڈ دی کلاؤڈز سے کیا تھا اور دھڑک کے ساتھ کمرشل پہچان حاصل کی، اداکار اس کے بعد تیزی سے زیادہ اہم اور بین الاقوامی کام کی طرف مائل ہو گئے ہیں۔
2025 میں، وہ اپنی فلم ہوم باؤنڈ کے ساتھ کانز میں ڈیبیو کرنے والے ہیں، جو فیسٹیول میں ایک خصوصی سیگمنٹ میں دکھائی جائے گی۔
ایشان کھتر کو حال ہی میں نیٹ فلکس کی رومانٹک کامیڈی سیریز The Royals میں بھی دیکھا گیا تھا، اور انہوں نے ایک اور Netflix Originals The Perfect Couple میں نکول کڈمین کے ساتھ بین الاقوامی اسکرین پر قدم رکھا ہے اور عالمی سطح پر بطور اداکار اپنی رسائی کو وسیع کیا ہے۔
دونوں اداکار بھارتی ٹیلنٹ کی نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں جو کمرشل کامیابی کو فنکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ملا رہی ہے۔
فوربز 30 انڈر 30 ایشیا 2025 میں ان کی شمولیت نہ صرف ان کی ماضی کی کامیابیوں کو تسلیم کرتی ہے بلکہ جنوبی ایشیائی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ابھرتی ہوئی آواز کے طور پر ان کی صلاحیت کا بھی اشارہ دیتی ہے۔