فلمساز رام گوپال ورما نے ایک بار پھر ہندوستانی سنیما کی موجودہ حالت پر اپنے واضح اور غیر فلٹر خیالات کے اظہار سے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے رام گوپال ورما نے بھارتی فلم سازوں اور ان کے ہالی وڈ ہم منصبوں کے درمیان موازنہ کیا، اور مشن: امپاسیبل – دی فائنل ریکوننگ کو اجاگر کیا۔
انہوں نے ہندی فلم انڈسٹری پر تنقید کی کہ اس کے ناظرین ذہین نہیں ہیں، جب کہ ہالی وڈ کی تعریف کی کہ وہ ذہین اور پیچیدہ بیانیہ کے ساتھ ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اپنی پوسٹ میں رام گوپال ورما نے لکھا کہ ‘ان میں اور ہمارے درمیان فرق یہ ہے کہ وہ ناظرین کو ذہین سمجھتے ہیں اور مشن امپاسبل دی فائنل ریکوننگ جیسی فلمیں بنا کر ان کی ذہانت کو مزید بڑھاوا دیتے ہیں’۔
پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اس کے برعکس، ہم ناظرین کو بے وقوف سمجھتے ہیں اور ہم ۔۔۔جیسی فلمیں بنا کر بے وقوف ترین ناظرین تک پہنچنے کی امید میں اس بے وقوفی میں مزید نیچے چلے جاتے ہیں’۔
اگرچہ رام گوپال ورما نے اپنے تبصرے میں کسی خاص بھارتی فلم کا نام نہیں لکھا لیکن بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے ان کے موقف پر مایوسی کا اظہار کیا، خاص طور پر حالیہ برسوں میں ان کے متضاد ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے۔
کئی فالوورز نے فلم ساز کے ماضی کے پروجیکٹس، جیسے اگیات، آگ، ڈی، کمپنی، ڈپارٹمنٹ اور یہاں تک کہ سرکار 3 کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں آئینہ دکھایا کہ یہ سبھی پروجیکٹس سامعین یا ناقدین کی پسندیدگی پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔
دیگر فالوورز نے ان کی اس عادت کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں ہو ہالی وڈ اور بھارتی سینما کا موازنہ کرتے ہوئے ہالی وڈ کی تعریفیں کرتے جبکہ بھارتی سینما کو بدتر قرار دیتے ہیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘ہم ہندوستانیوں کی عادت ہے کہ وہ اپنی بنائی چیزوں کو کم تر سمجھتے ہیں اور بین الاقوامی مارکیٹ کے اوسط کانٹینٹ کو بھی ضرورت سے زیادہ ہائپ دیتے ہیں’۔
فلم انڈسٹری کے بارے میں اپنے دوٹوک خیالات کے لیے مشہور رام گوپال ورما اکثر اپنے بولڈ ریمارکس کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔
اپنے تازہ ترین بیان میں انہوں نے کہانی کی بنت اور کردار کی پختگی پر توجہ دینے کے بجائے کمرشلی لوازمات سے بھرپور ہائی ایکشن فلموں کے رجحان پر تنقید کی تھی۔
اب رام گوپال ورما نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے، ہندوستانی سنیما اور مشہور ہالی وڈ فرنچائزز کے درمیان براہ راست موازنہ کرتے ہوئے، مشن: امپاسبل کی تعریف کر ڈالی۔
دریں اثنا، مشن: امپاسبل – دی فائنل ریکوننگ حال ہی میں بھارت میں ریلیز ہوئی ہے جس میں امکان ہے کہ ٹام کروز IMF ایجنٹ ایتھن ہنٹ کے طور پر آخری مرتبہ نظر آئے ہیں۔
کرسٹوفر میک کوری کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم مشن: امپاسبل ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون کی 2023 کی ریلیز کے بعد دو حصوں پر مشتمل فلموں کا اختتامی باب ہے۔
تازہ ترین قسط، میں ہیلی ایٹ ویل، وینیسا کربی، اور وِنگ رمز کی پرفارمنس شامل ہے جو 17 مئی 2025 کو ہندوستانی سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔