بالی وڈ اداکار ریتیک روشن اور جونیئر این ٹی آر کی اپکمنگ فلم ‘وار 2’ کا انتہائی منتظر ٹیزر 20 مئی کو جونیئر این ٹی آر کی سالگرہ کے موقع پر جاری کر دیا گیا جس نے فوری طور پر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
یہ فلم تیلگو اسٹار جونیئر این ٹی آر کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ہے جس میں وہ ٹائیگر شروف کی جگہ ریتیک روشن کے مخالف کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم وار 2کے ٹیزر کو مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا ہے جہاں بہت سے نیٹیزنز نے ‘وار 2’ میں ریتیک روشن اور ٹائیگر شروف کی جوڑی کو یاد کرتے ہوئے فلم میں جونیئر این ٹی آر کی موجودگی کو نامناسب قرار دیا۔
ایک صارف نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘فلم وار 2 کا ٹیزر دیکھنے کے بعد جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن صرف ٹائیگر شروف ہی ریتیک روشن کا مقابلہ کر سکتے تھے‘۔
ایک اور ایکس صارف نے لکھا کہ ‘فلم وار 2 کا ٹیزر بہت مایوس کن ہے کیونکہ اس میں VFX بہت خراب ہیں ساتھ ہی ساتھ فلم میں گرین اسکرین کا استعمال بہت برا کیا ہے، ٹرین پر دوڑنا واقعی جعلی لگ رہا ہے سچ کہوں تو مجھے فلم وار کے سیکوئل سے اس قدر گھٹیا معیار کی امید نہیں تھی‘۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ‘ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ جونیئر این ٹی آر کبھی ٹائیگر شروف کی توانائی کا مقابلہ نہیں کرسکتے‘۔
ایک اور نیٹیزن نے ٹویٹ کیا کہ ‘فلم کا ٹیزر زبردست ہے جونیئر این ٹی آر اچھے لگ رہے ہیں لیکن فلم وار میں ٹائیگر شروف ساؤتھ انڈین سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر سے کئی گنا بہتر تھے‘۔
‘وار 2’ ٹیزر
فلم ‘وار 2’ کے ٹیزر سے فلمی شائقین کی کافی توقعات وابستہ تھیں،لیکن یہ کئی عوامل کی وجہ سے شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہا ہے۔
بھارتی فلمی گروز اور سوشل میڈیا صارفین کے مطابق فلم میں وی ایف ایکس کی کوالٹی بہت خراب ہے جس کے ساتھ ریتیک اور جونیئر این ٹی آر کے درمیان کوئی خاص کیمسٹری نظر نہیں آئی اور کیارا ایڈوانی کو بھی ٹیزر میں صرف سمبل کی طرح دکھایا گیا ہے۔
تاہم ٹیزر کی واحد اچھی بات اداکار ریتیک روشن ہیں جو 51 سال کی عمر میں بھی انتہائی ہاٹ لگ رہے ہیں اور نوجوان ستاروں کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔
اگرچہ یہ ٹیزر جونیئر این ٹی آر کی سالگرہ پر ریلیز کیا گیا تھا لیکن یہ واضح طور پر بالی وڈ اداکار ریتیک روشن کے مداحوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔
واضح رہے کہ ایان مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘وار 2’ رواں سال 14 اگست 2025 کو ریلیز ہوگی۔
فلم میں ریتیک روشن اور جونیئر این ٹی آر مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے مگر جہاں ٹیزر کو نیٹیزنز کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے وہیں اداکارہ کیارا ایڈوانی کے بکنی سین نے بھی مداحوں کی غیر معمولی توجہ سمیٹ لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی ریلیز ڈیٹ یومِ آزادی کا ویک اینڈ ہوگا اور وار 2 کامیاب فلم وار کی ایک زبردست فرنچائز ہے۔
لہٰذا فلم سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ فلم باکس آفس پر ایک شاندار آغاز کرے گی لیکن یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ فلم مداحوں کو کیسی لگتی ہے۔