کراچی کےعلاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش اتحاد کمرشل، فیز VI میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ گِزری پولیس مقامی عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے پہنچی تھی، جب پولیس پارٹی نے سہ پہر سوا تین بجے دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہ آیا۔
اس کے بعد پولیس تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں، مرحومہ اداکارہ مذکورہ فلیٹ میں کرایہ پر رہ رہی تھیں۔
لاش ملنےکے بعد شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پولیس کے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے ڈان کو بتایا کہ اداکارہ کی بوسیدہ حالت میں ہسپتال لائی گئی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ ( ایس ایس پی ) جنوبی ایس ایس پی محظور علی نے ڈان کو بتایا کہ متوفیہ اداکارہ کرائے کے فلیٹ میں اکیلی رہ رہی تھیں، جو چوتھی منزل پر واقع ہے، انہوں نے 2024 سے مالک مکان کو کرایہ دینا بند کر دیا تھا۔ مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس نے فلیٹ خالی کرانے کا حکم دیا۔
سینئر افسر نے مزید بتایا کہ پولیس عدالتی بیلف کے ساتھ وہاں پہنچی، فلیٹ میں لوہے کا گیٹ بھی تھا جبکہ لکڑی کا دروازہ بھی اندر سے بند تھا، بالکونی بھی اندر سے بند تھی، پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی۔
ایس ایس پی جنوبی نےکہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ قتل نہیں ہے، تاہم موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹروں کی حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، پولیس ان کے موبائل فون کی مدد سے ان کے رشتہ داروں کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دریں اثنا گزری پولیس کے بیان کے مطابق ایک خاتون کی 15 دن پرانی لاش، جس کی شناخت حمیرا دختر اصغر علی، عمر 32 سال کے طور پر ہوئی، اتحاد کمرشل، ڈیفنس، فیز 6 کے ایک اپارٹمنٹ سے ملی ہے۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ماڈل و ادکارہ حمیرا اصغر نے ’ احسان فراموش’ اور ’ گرو ’ سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جب کہ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہتی تھیں۔