تازہ تر ین

اداکارہ حمیرا کے والد پہلی بار منظرعام پر آگئے؛ میڈیا سے گفتگو میں کیا کہا؟

ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی 8 سے 10 ماہ پرانی لاش کراچی میں ان کے فلیٹ سے ملی تھی جہاں وہ 2018 سے کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں۔ 

 اداکارہ حمیرا کی لاش کراچی سے ان کے بھائی اور بہنوئی لاہور لائے تھے اور ماڈل ٹاؤن کے قبرستان میں تدفین کردی گئی۔

اس موقع پر پہلی بار اداکارہ حمیرا کے والد منظر عام پر آئے۔ جن کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ انھوں نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

حمیرا کے والد اصغر علی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔ قبرستان میں انھیں دیکھتے ہی صحافیوں نے سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

لاش وصول نہ کرنے سے متعلق انھوں نے کہا کہ جب تک لاش کا پوسٹ مارٹم نہ ہوجائے تب تک ہم میت کیسے لے سکتے تھے؟

حمیرا کے والد نے کہا کہ ایسے کیسز میں پولیس سے لاش وصول کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے جس میں وقت لگتا ہے۔

بیٹی کی موت کی وجہ قتل کا ہونا اور پوسٹ مارٹم سے متعلق سوالات پر اداکارہ حمیرا کے والد نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

انھوں نے آسمان کی جانب انگلی اُٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ بیٹی کے ساتھ جو ہوا اس کا حساب اللہ لے گا۔

اداکارہ حمیرا کے والد تدفین کے فوری بعد قبرستان سے چلے گئے اور میڈیا کے سوالات کے جوابات دینے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس سے ان کے فلیٹ سے ملی تھی جہاں وہ 2018 سے کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں۔

اداکارہ کا ستمبر 2024 سے کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا اور مالک مکان نے بھی فلیٹ خالی کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔

عدالت کے حکم پر جب بیلف فلیٹ خالی کروانے پہنچا تو بارہا دستک کے باجود دروازہ نہیں کھولا گیا۔ جس پر دروازہ توڑنا پڑا۔

جیسے ہی درواز ٹوٹا بدبو کا ایک بھپکا محسوس ہوا اور اداکارہ کی گلی سڑی لاش فرش پر پڑی ہوئی ملی۔ جو تقریباً 8 ماہ پرانی تھی۔

ابتدا میں ان کے اہل خانہ نے لاش وصول کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم بعد میں پولیس کی درخواست پر ان کے بہنوئی اور بھائی لاش لینے کراچی پہنچے تھے۔

اداکارہ حمیرا اصغر ڈرائنگ اور آرٹ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں۔ اُن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 7 لاکھ سے زائد تھی۔

اداکارہ شوبز کی دنیا میں نام کمانے کے لیے لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔ انھوں نے تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) سے شہرت حاصل کی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain