کرینہ کپور خان صرف ایک اسٹائل آئیکون اور ورسٹائل اداکارہ ہی نہیں بلکہ ان کا شمار بھارتی شوبز انڈسٹری کی سب سے فِٹ سیلیبرٹیز میں ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا کی بدولت صارفین یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ بیبو ورزش کے سخت معمول پر عمل کرتی ہیں، جس میں یوگا، اسٹرینتھ ٹریننگ، پیلٹس اور کارڈیو شامل ہیں۔
تاہم کہا جاتا ہے کہ کسی بھی فٹ انسان کی 80 فیصد فٹنس کا انحصار اس خوراک پر ہوتا جو ہو کھاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرینہ اپے پنجابی خاندان کی طرح خود کو ایک فوڈی (کھانے کی شوقین) گردانتی ہیں، جنہوں نے دنیا بھر کے کھانے چکھ رکھے ہیں۔
تاہم اداکارہ کی ڈائٹ کے حوالے سے اب ایک ایسا انکشاف سامنے آیا ہے جس سے سب کو حیران کردیا ہے۔
اور وہ یہ کہ حیرت انگیز طور پر کرینہ کپور کی روزمرہ خوراک پچھلے 18 برسوں سے تقریباً ایک جیسی ہے۔
یہ انکشاف کرینہ کی دیرینہ ڈائٹیشین رجوتا دیویکر نے دی للن ٹاپبکو دیے گئے انٹرویو میں کیا، رجوتا نے بتایا کہ کرینہ 2007 سے ایک ہی ڈائٹ پلان فالو کر رہی ہیں۔
ان کے روزانہ کھانے کی تفصیل کچھ یوں ہے:صبح اٹھتے ہی بادام، کشمش یا انجیر، ناشتے میں پراٹھا یا پوہا، دوپہر کے کھانے میں دال اور چاول، شام میں کبھی کبھی چیز ٹوسٹ یا موسم کے لحاظ سے آم یا آم کا ملک شیک، رات کے کھانے میں گھی والی کھچڑی یا پلاؤ۔
رجوتا دیویکر کرینہ کے ساتھ اُس وقت سے کام کر رہی ہیں جب وہ 2008 کی فلم تشن میں ’سائز زیرو‘ لک میں نظر آئی تھیں۔
رجوتا نے انکشاف کیا کہ کرینہ کی خوراک میں ایک مستقل پکوان گھر کی بنی ہوئی کھچڑی (گھی کے ساتھ) ہے، جسے وہ ہفتے کے بیشتر دن کھاتی ہیں۔
خود کرینہ نے بھی اس راز کا انکشاف رواں سال اپریل میں رجوتا کی کتاب کی تقریبِ رونمائی کے دوران کیا تھا۔ اس موقع پر بیبو نے کھچڑی کو اپنی ’کمفرٹ فوڈ‘ قرار دیا، اور کہا کہ اگر انہیں معلوم ہو جائے کہ کھچڑی اُن کی خوراک میں شامل نہیں ہے، تو وہ رات کو سو نہیں پاتیں۔
کام کے محاذ پر بات کریں تو سال 2024 میں کرینہ کی دو بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں، ایک تو ہیِسٹ کامیڈی ‘کریو’ جس میں ان کے ساتھ تبو اور کریتی سینن بھی تھیں۔
دوسری روہت شیٹی کی ‘سنگھم اگین’ جس میں اجے دیوگن، رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور بھی شامل تھے۔
ان کی اگلی فلم میں وہ پرتھوی راج سُکمارن کے ساتھ میگھنا گلزار کی کرائم ڈراما ‘دائرا’ میں نظر آئیں گی۔