بالی وڈ اداکار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جیل میں قید کے دوران ان کی داڑھی بنانے کی ذمہ داری قتل کے مجرم کو دی گئی تھی۔
66 سالہ سنجے دت نے ’ دی گریٹ انڈین کپل شو ‘ میں شرکت کے دوران جیل میں اپنی قید کا ایک ناخوشگوار واقعہ یاد کیا جو آج تک ان کو خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔
واقعہ کیا تھا؟
سنجے دت کے مطابق جیل میں ان کی بڑھی ہوئی داڑھی کو منڈوانے کا کام ایک دہرے قتل کے مجرم کو سونپا گیا جس کا علم انہیں اس وقت ہوا جب اس قیدی نے سنجے کی گردن پر استرا رکھ دیا۔
سنجے دت نے بتایا کہ ’جیسے ہی مشرا نامی قیدی نے میری گردن کے قریب استرا رکھا میں نے اتفاقاً اس سے پوچھ لیا کہ وہ کتنے عرصے سے جیل میں ہے، مشرا نے مجھے بتایا کہ وہ 15 سال سے جیل میں ہے، میرا تجسس بڑھا تو میں نے وجہ پوچھ لی جس پر اس نے بتایا کہ ’دوہرے قتل کے جرم میں ‘ ۔
سنجے دت کے مطابق دہرے قتل کا سنتے ہی میرے جسم میں جھرجھری سی آگئی اور میں نے فوراً اس قیدی کا ہاتھ پکڑ کر اسے روک دیا۔
یاد رہے کہ 1993 میں ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے کیس میں سنجے دت کو غیر قانونی اسلحہ حاصل کرنے، اپنے پاس رکھنے اور پھر انہیں تباہ کرنے کے جرم میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی بعد ازاں سنجے دت نے یہ سال جیل میں گزارے تھے۔
سنجے دت کی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا کیا ہے؟
دوسری جانب جب سنجے سے سوال کیا گیا کہ انہیں اپنی زندگی سے متعلق کوئی پچھتاوا ہے؟ تو جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی زندگی میں کسی بھی چیز کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے، سوائے اس کے کہ میں نے بہت جلد اپنے والدین کو کھودیا۔
واضح رہے کہ سنجے کی والدہ اور لیجنڈری اداکار ہ نرگس 1981 میں جب کہ ان کے والد، اداکار اور سیاست دان سنیل دت 2005 میں انتقال کرگئے تھے۔