بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ رشمیکا مندانا نے اداکار وجے دیوراکونڈا سے منگنی کی خبروں پر بالآخر ردِعمل دے دیا ہے۔
جنوبی بھارتی میڈیا کے مطابق تیلگو سنیما کی اس معروف جوڑی کے درمیان 2018 میں فلم ’گیتھا گوندَم‘ کے بعد سے قریبی تعلقات کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔ تاہم دونوں اداکاروں نے اپنے رشتے کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے البتہ حال ہی میں رشمیکا کی جانب سے شیئر کیا گیا مختصر مگر معنی خیز بیان مداحوں کے لیے اشارہ بن گیا ہے۔
ایک فلم کی تشہیر کے دوران جب رشمیکا سے وجے دیوراکونڈا کے ساتھ منگنی کے بارے میں سوال کیا گیا تو اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’’سب کو سب معلوم ہے۔‘‘ بھارتی میڈیا اور مداحوں نے اس جملے کو ان کے رشتے کی خاموش تصدیق قرار دیا۔
دوسری جانب رشمیکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اُن کے بائیں ہاتھ کی چمکتی ہوئی انگوٹھی نے سب کی توجہ سمیٹ لی۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ انگوٹھی ان کی منگنی کی نشانی ہے۔
یاد رہے کہ کئی رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ رشمیکا اور وجے آئندہ سال شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔





































