چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے ملنے سے انکار کردیا۔
رات بھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے مگر ان کی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات نہیں ہوسکی۔
چیف جسٹس سے ملاقات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، علیمہ خان اور وکلاچیف جسٹس کے سیکرٹری کے آفس سے واپس روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہماری شنوائی نہیں ہوئی، ہمیں چیف جسٹس کی طرف سے پیغام ملا کہ میں آپ سےنہیں مل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےفیصلہ کیاہے آج نہ قومی اسمبلی نہ سینیٹ اجلاس چلنے دیں گے جب کہ آئندہ منگل کوہائیکورٹ کے باہربھی اور اڈیالہ جیل کے باہربھی اکٹھےہوں گے۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی سے ملنےسےانکارکردیا ہے، چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ کسی سے ملاقات نہیں کررہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس نے نہ تو ایڈووکیٹ جنرل اور نہ کسی وکیل سے ملاقات کی۔





































