اسلام آباد (ویب ڈیسک) حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر تصویر لیک ہونا غیرمعمولی بات ہے، وزیر اعظم اور ان کے خاندان نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر کے اعلیٰ اور تاریخی مثال قائم کی، مریم اورنگیزیب کا بیان، کہتی ہیں ایک تسلسل سے غیرمنصفانہ واقعات سے انتقام کی بو آتی ہے۔
جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تصویر خود گواہ ہے کہ حسین نواز انصاف کے منتظر ہیں تاہم حسین نواز کی تصویر کی غیرقانونی اشاعت قانونی طریقہ کار کے منافی ہے اور اس طرح کے واقعات سے ملک میں شکوک و شہبات کی فضاءجنم لے رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد انصاف کے تمام تقاضے پورے کر رہے ہیں مگر قانون سے رجوع کرنے پر تضحیک کی کوشش انسانی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے، انصاف کے نام پر تضحیک سمجھ سے بالاتر ہے۔ وزیر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کا خاندان تحفظات اور بے ضابطگیوں کے باوجود انصاف کا منتظرہے۔