تازہ تر ین

اونٹ ریس کیلئے بچوں کا اغوا، پنجاب میں افراتفری پھیل گئی

لاہور (خصوصی رپورٹ) رواں سال پنجاب سے 51بچوں کو اونٹ ریس کیلئے اغوا کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے اور پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا اور بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ کا سراغ لگانا شروع کر دیا۔ خفیہ ادارے نے اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کی ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت ڈیرہ غازی خان‘ ملتان‘ بہاولنگر‘ بہاولپور‘ فیصل آباد‘ قصور‘ کھاریاں‘ راولپنڈی و دیگر شہروں سے 7ماہ کے دوران 299بچوں کو اغوا کیا گیا۔ کئی تھانوں کی پولیس نے رپٹ تک درج نہیں کی۔ رپورٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ اغواکاروں کا گروہ جس میں خواتین بھی شامل ہیں کی سرپرستی دبئی اور بحرین کے باشندے کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں میں اونٹ ریس پر کروڑوں روپے جوا¿ لگایا جاتا ہے۔ عیدالفطر کے فوری بعد بڑے پیمانے پر اونٹ ریس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس میں استعمال کیلئے 12سے 15سال کے بچوں کو اغوا کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان‘ بہاولپور اور ملتان کی قریبی آبادیوں کے خانہ بدوش بچوں کو بھی 40ہزار سے 60ہزار کے درمیان خریدا گیا۔ بعض بچوں کو ریس کی تیاری کیلئے بیرون ملک پہنچا دیا گیا ہے۔ بچوں کو بے ہوشی کا ٹیکہ لگا کر دبئی لے جایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف مقامات پر 7ماہ کے دوران 20سے زائد بچوں کو اغوا کیا گیا۔ گزشتہ روز ہی باغبانپورہ کے علاقے یو سی 130کے چیئرمین شہباز کے بیٹے شعیب کو نامعلوم افراد نے دن دہاڑے اغوا کر لیا۔ اس سے قبل سبزہ زار‘ شفیق آباد‘ سمن آباد‘ جوہر ٹاﺅن‘ نشتر کالونی‘ رائیونڈ‘ شیراکوٹ و دیگر جگہوں سے بچوں کو اغوا کرنے کی وارداتیں ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملت پارک کے علاقے میں اونٹ ریس کیلئے بچوں کو اغوا کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزموں نے ڈیڑھ ماہ قبل ایک ایڈووکیٹ کے بیٹے ابرار کو سکول جاتے ہوئے اغوا کر لیا اور اسے بے ہوش کر کے ٹھکانے لے گئے۔ موقع پا کر 14سالہ ابرار وہاں سے بھاگ نکلا اور والدین کو واقعہ بیان کیا جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم ادریس کو اس کے ٹھکانے سے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او ملت پارک اسد قریشی اور سابق ڈی ایس پی سمن آباد ذوالفقاربٹ نے افسروں کو بتایا کہ یہ گروہ بچوں کو اونٹ ریس کیلئے اغوا کرتا ہے‘ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ دبئی کا ایک باشندہ زین بن خالد دبئی میں انٹرنیشنل اونٹ ریس کا اہتمام کرواتا ہے۔ بچوں کو اغوا کے بعد ڈیرہ غازی خان پہنچایا جاتا ہے جہاں سے انہیں دوسرے ممالک بھیجا جاتا ہے۔ ان کو فی بچہ ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اغوا ہونے والے بچوں کی تصاویر اور ان کے کوائف اکٹھے کر کے دبئی و دیگر ممالک کے خفیہ اداروں کو بھی بھجوا دیئے ہیں۔ خفیہ ادارے کی رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ اونٹ ریس کیلئے بچوں کو اغوا کرنے کے پرانے کیسوں میں ملوث ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کو شامل تفتیش کیا جائے تاہم اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اونٹ ریس کیلئے بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ کا نیٹ ورک پورے ملک میں موجود ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain