حکومت کا ڈیزل درآمد پر PSO کو خصوصی اختیار، دیگر آئل کمپنیوں پر پابندی
وفاقی حکومت نے ملک میں ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی درآمد کو مرکزی نگرانی میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کو ڈیزل درآمد کرنے کا خصوصی اختیار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت دیگر نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیز (OMCs) کو براہِ راست ڈیزل درآمد کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران ڈیزل کی درآمد صرف PSO کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ نجی کمپنیاں ڈیزل درآمد نہیں کر سکیں گی۔ تاہم انہیں حکومت اور متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی اجازت برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کی فراہمی کو بہتر طریقے سے منظم کرنا، درآمدی اخراجات کو قابو میں رکھنا اور زرمبادلہ کے استعمال کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور علاقائی صورتحال کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔

