آسٹریلیا کے سات سابق کرکٹ کپتانوں نے وزیرِ خارجہ پینی وونگ کو خط لکھ کر سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی حراست اور مبینہ نامناسب سلوک پر انسانی بنیادوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سابق کپتانوں نے آسٹریلوی حکومت سے پاکستانی حکام کے سامنے یہ معاملہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
خط پر ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، کِم ہیوز، مارک ٹیلر اور اسٹیو وا کے دستخط ہیں۔ سابق کپتانوں نے کہا کہ وہ یہ خط سفارت کار یا سیاسی شخصیات کی حیثیت سے نہیں بلکہ سابق کپتانوں کی حیثیت سے لکھ رہے ہیں جو عمران خان کی صورتحال پر آواز اٹھانا ضروری سمجھتے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے خلاف جاری قانونی یا سیاسی مقدمات پر کوئی مؤقف اختیار نہیں کر رہے اور یہ معاملات پاکستان کے دائرۂ اختیار میں ہیں۔ ان کی تشویش حراست میں موجود کسی بھی شخص کے ساتھ انسانی سلوک اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہے۔

