راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے گزشتہ ہفتے شہر بھر اور تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مثر بنانے، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے اور شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور صفائی و آگاہی مہم جاری رہی۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی ہدایات پر شہر کی مرکزی شاہراہوں، اندرونی گلیوں، بازاروں، تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں اور مختلف تحصیلوں میں خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سڑکوں کی واشنگ، مکینیکل سوئیپنگ، مینول سوئیپنگ، ویسٹ لفٹنگ، سڑکوں کے کناروں اور درمیانی حصوں کی صفائی، ڈرین ڈی سلٹنگ اور خالی پلاٹوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے خصوصی اقدامات کیے گئے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی بیماریوں کے پھیلا کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ آپریشن ٹیموں نے مختلف علاقوں میں معمول کی صفائی کے ساتھ خصوصی صفائی سرگرمیاں بھی انجام دیں۔ سڑکوں اور شاہراہوں کی مکینیکل سوئیپنگ کے ذریعے گردوغبار اور مٹی کو صاف کیا گیا جبکہ مینول سوئیپنگ کے ذریعے سڑکوں کے اطراف، فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس، کناروں اور درمیانی حصوں کی صفائی یقینی بنائی گئی۔ مختلف مقامات پر سڑکوں کی واشنگ کی گئی اور جمع شدہ کوڑا کرکٹ بروقت اٹھا کر ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشنز تک منتقل کیا گیا۔ اسی طرح نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالوں اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ، گلیوں اور محلوں کی صفائی اور خالی پلاٹوں سے کوڑا کرکٹ و دیگر آلائشوں کو ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے مختلف علاقوں اور صفائی آپریشن کے مقامات کے دورے کیے اور فیلڈ میں جاری صفائی سرگرمیوں، عملے کی حاضری، مشینری کی دستیابی، گاڑیوں کی کارکردگی اور ویسٹ لفٹنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشن افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، تمام علاقوں میں مقررہ شیڈول کے مطابق صفائی یقینی بنائی جائے اور جمع ہونے والے کوڑے کو فوری طور پر اٹھایا جائے۔ آپریشنل افسران اور متعلقہ فیلڈ ٹیموں نے بھی مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی انتظامات کی نگرانی کی اور موقع پر موجود عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔کمیونیکیشن ٹیم نے بھی شہر کے مختلف بازاروں، تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات پر صفائی، انسدادِ سموگ اور اینٹی ڈینگی کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم چلائی۔ ٹیم نے دکانداروں، تاجروں، شہریوں، راہگیروں اور گھریلو افراد کو صفائی برقرار رکھنے، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالنے، گھروں اور دکانوں کے اطراف صفائی یقینی بنانے، پانی جمع نہ ہونے دینے اور ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شہریوں کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ سڑکوں، گلیوں، نالوں اور خالی پلاٹوں میں کوڑا پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اینٹی لٹرنگ سکواڈ نے بھی مختلف بازاروں، تجارتی مراکز، شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس دوران کوڑا کرکٹ کھلے عام پھینکنے، سڑکوں اور خالی پلاٹوں میں گندگی پھیلانے اور کوڑا جلانے والے عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں وارننگز جاری کی گئیں، شہریوں اور دکانداروں کو واضح کیا گیا کہ کوڑا کرکٹ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور کھلی جگہوں پر پھینکنا نہ صرف ماحول کو آلودہ کرتا ہے بلکہ اس سے سموگ، فضائی آلودگی اور بیماریوں کے پھیلا میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انسدادِ سموگ مہم کے تحت سڑکوں، گرین بیلٹس، فٹ پاتھوں اور اطراف کے علاقوں سے مٹی اور گردوغبار صاف کرنے کے لیے مکینیکل سوئیپنگ اور واشنگ پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ کوڑا کرکٹ اور دیگر فضلہ جلانے کی روک تھام کے لیے اینٹی لٹرنگ سکواڈ کو متحرک رکھا گیا۔ اسی طرح انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت گلیوں، محلوں، خالی پلاٹوں اور نکاسی آب کے مقامات کی صفائی کے ساتھ شہریوں کو پانی کھڑا نہ ہونے دینے اور ممکنہ افزائشی مقامات ختم کرنے کی ترغیب دی گئی۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی شہر اور تمام تحصیلوں میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صفائی آپریشن کے ساتھ عوامی آگاہی اور قوانین پر عملدرآمد بھی یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ کوڑا کرکٹ کھلے عام پھینکنے اور جلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا اجتماعی فرض ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں، صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے گھروں، دکانوں، گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا عزم ہے کہ مسلسل صفائی آپریشن، مثر نگرانی اور عوامی تعاون کے ذریعے راولپنڈی کو صاف، سرسبز، زیرو ویسٹ اور ڈینگی فری شہر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
