جندول (نمائندہ خبریں)جندول سب ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بعد بازار کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگے، تاجروں کا کاروبار متاثر، متاثرین نے نقصانات کے ازالے اور متبادل انتظامات کا مطالبہ کردیا۔جندول سب ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے بعد مختلف بازاروں کی رونقیں ماند پڑنے لگیں، کئی مقامات پر دکانوں، پلازوں، چار دیواریوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کرنے کے بعد بازار کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں، جبکہ جگہ جگہ ملبے اور کچرے کے ڈھیر پڑنے سے شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں جہاں متعدد دکانداروں اور مقامی لوگوں کو لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہاں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ بازاروں میں ملبے، ٹوٹی ہوئی دیواروں اور تعمیراتی سامان کی وجہ سے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، جس کے باعث خریداروں کی تعداد میں کمی اور مقامی تاجروں کی روزانہ کی آمدن متاثر ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مزید کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ کئی علاقوں میں متاثرہ دکاندار اور مقامی شہری رضاکارانہ طور پر اپنی دکانوں، دیواروں اور دیگر تعمیرات کو خود ہی ہٹانے میں دن رات مصروف ہیں تاکہ مزید نقصان اور سرکاری کارروائی سے بچ سکیں۔مقامی شہریوں اور تاجروں کا مقف ہے کہ جب ان بازاروں میں دکانیں، پلازے اور دیگر تجارتی عمارتیں تعمیر کی جا رہی تھیں تو اس وقت متعلقہ اداروں کی جانب سے مثر نگرانی اور بروقت روک تھام نہیں کی گئی، لیکن اب جب لوگوں نے اپنی جمع پونجی خرچ کرکے کاروبار شروع کر رکھے ہیں تو ان تعمیرات کو تجاوزات قرار دے کر مسمار کیا جا رہا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ قانون کی عملداری اور سرکاری اراضی کی واگزاری کے خلاف نہیں، تاہم کارروائی میں شفافیت، یکساں پالیسی اور متاثرہ خاندانوں کے معاشی حالات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ جن تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، ان کے قانونی ریکارڈ اور ملکیتی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔تاجروں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے آپریشن کے بعد بازاروں سے ملبہ اور کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے، متاثرہ علاقوں میں صفائی، نکاسی آب اور آمدورفت کے مناسب انتظامات کیے جائیں، جبکہ متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر ممکنہ ریلیف اور متبادل روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
