امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں ایران کے ساتھ جاری جنگ اور اس کے بعد کی حکمتِ عملی پر بات چیت متوقع ہے۔ یہ بات امریکی نیوز ویب سائٹ Axios نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان کے رہنماؤں یا وزرائے خارجہ کی شرکت متوقع ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ابتدائی دعوت نامے بھی ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کا مرکزی موضوع ایران کے ساتھ جنگ کے بعد کی صورتحال کے لیے امریکی حکمتِ عملی اور ٹرمپ انتظامیہ کا مجوزہ "Day-After Plan” ہوگا۔ اس منصوبے کو نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔
Axios کے مطابق اجلاس میں دیگر عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو بھی نیویارک میں ٹرمپ سے ملاقات کے خواہاں ہیں، تاہم ان کی ملاقات ابھی طے نہیں ہوئی۔
ٹرمپ نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ جنگ اختتام کے قریب پہنچ رہی ہے اور کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کوئی حتمی ٹائم لائن سامنے نہیں آئی۔

