آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خاران میں دہشتگردوں کی جانب سے ناکہ بندی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی نقل و حرکت محدود کردی، جبکہ ان کے فرار کے ممکنہ راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ خاران کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے دستے تعینات ہیں اور مشتبہ مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کو دہشتگرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں، جبکہ دہشتگردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔ حکام کے مطابق عوام کے تعاون سے دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور ان کے نیٹ ورک کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔

