پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) نے بھارت میں ہونے والی مردوں کی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے لیے قومی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے ایشین ہاکی فیڈریشن (AHF) سے ٹورنامنٹ کسی غیر جانب دار ملک منتقل کرنے یا پاکستان کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کرانے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
PHF کے صدر محمودین احمد وانی کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود حساس صورتحال اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ وہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پرعزم ہے اور بھارت سمیت تمام FIH رکن ممالک کے خلاف کھیلنے کو تیار ہے، تاہم موجودہ حالات میں پاکستان اپنے میچز بھارت میں نہیں کھیلنا چاہتا۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر 2026 تک بھارت کے شہر موہالی اور جالندھر میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دوسری جانب ہاکی انڈیا نے پاکستان کی نیوٹرل وینیو کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینیو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق پاکستان کو بھارت آکر کھیلنا ہوگا، بصورت دیگر اس کی جگہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان کی شرکت اب ایشین ہاکی فیڈریشن کے آئندہ فیصلے اور دیگر متعلقہ منظوریوں سے مشروط ہے۔

