جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے ویمنز کرکٹ مقابلوں میں بنگلہ دیش نے چین کے خلاف کوارٹر فائنل میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
بنگلہ دیش اور چین کے درمیان کوارٹر فائنل کوروجی اسپورٹس پارک، نشین میں ہونا تھا، تاہم مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ شروع ہی نہ ہوسکا اور ٹاس بھی نہیں کیا گیا۔ امپائرز نے متعدد بار گراؤنڈ کا معائنہ کیا، لیکن کھیل کے لیے حالات سازگار نہ ہونے پر میچ منسوخ کردیا گیا۔
ایشین گیمز کے قوانین کے مطابق اگر کوارٹر فائنل میں کوئی نتیجہ نہ نکل سکے تو بہتر عالمی رینکنگ رکھنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچتی ہے۔ بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم اس وقت 10ویں جبکہ چین 36ویں نمبر پر ہے، اسی بنیاد پر بنگلہ دیش کو سیمی فائنل میں جگہ مل گئی۔
یوں بنگلہ دیش نے ایک بھی گیند کھیلے بغیر ایشین گیمز کے آخری چار میں جگہ بنا لی، جبکہ چین کا ٹورنامنٹ ختم ہوگیا۔ بنگلہ دیش کا سیمی فائنل ممکنہ طور پر بھارت کے خلاف ہوسکتا ہے، تاہم بھارت کو پہلے میزبان جاپان کے خلاف اپنا کوارٹر فائنل کھیلنا ہے۔

