پاکستان نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں جاری 46ویں فائیڈ ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 کے افتتاحی راؤنڈ میں اسرائیل کے خلاف مقررہ میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔ چیس فیڈریشن آف پاکستان (CFP) کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی اسرائیل سے متعلق حکومتی پالیسی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کی بنیاد پر کیا گیا۔
پاکستان اور اسرائیل کے درمیان مقابلہ 16 ستمبر کو شیڈول تھا، تاہم پاکستانی ٹیم نے چاروں بورڈز پر کوئی کھلاڑی میدان میں نہیں اتارا۔ نتیجتاً اسرائیل کو 4-0 واک اوور دیا گیا اور پاکستان کو اس راؤنڈ میں کوئی پوائنٹ حاصل نہ ہوا۔
چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے واضح پالیسی ہے اور فیڈریشن حکومتی مؤقف کے برخلاف اسرائیلی ٹیم کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ میچ کا بائیکاٹ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کیا گیا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شطرنج مقابلوں میں شرکت جاری رکھے گا اور یہ فیصلہ صرف اسرائیل کے خلاف مخصوص میچ سے متعلق تھا۔
46واں فائیڈ ورلڈ چیس اولمپیاڈ 15 سے 27 ستمبر 2026 تک سمرقند میں جاری ہے، جس میں اوپن اور ویمنز سمیت دنیا بھر کی قومی ٹیمیں شریک ہیں۔

