اسلام آباد(این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضبط شدہ سونے کی اینٹیں واپس نہ کرنے پر کلکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ضبط شدہ سونے کی اینٹوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی جس دور ان عدالت نے سونے کی اینٹوں کے عوض تقریباً 48 لاکھ روپے کی ادائیگی کی پیشکش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کلکٹر کو شوکاز نوٹس جاری اور 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔واضح رہے کہ وقار النساء نامی شہری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کو سونے کی اینٹیں واپس کرنے کا حکم دیا گیا تھا، ان کے بدلے رقم ادا کرنے کا نہیں۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق ادائیگی کے لیے سونے کی موجودہ قیمت کے بجائے 2023 کی قیمت مقرر کی گئی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کلکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور کلکٹر کو 2 ہفتوں کے اندر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
