لاہور (کامرس رپورٹر) دی بینک آف پنجاب (BOP) نے نووا کیئر ہاسپٹلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے لیے 17 ارب روپے کی سنڈیکیٹڈ اسلامی پراجیکٹ فنانسنگ سہولت کی مالی تکمیل (Financial Close ) کا سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ دستخطی تقریب میں منصوبے کے اسپانسرز، انتظامیہ اور شریک مالیاتی اداروں نے شرکت کی۔ یہ فنانسنگ اسلام آباد میں 250 بستروں پر مشتمل تیسرے درجے کے علاج کے ہسپتال اور اس سے منسلک ایک فیڈر کلینک کی تعمیر کے لیے فراہم کی جائے گی۔ نووا کیئر ہاسپٹلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان کا پہلا اور واحد ہسپتال ہے جسے امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ سے وابستگی حاصل ہے۔ منصوبے میں اسپانسرز کی جانب سے 11.5 ارب روپے کی ایکویٹی سرمایہ کاری کے ساتھ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 28.5 ارب روپے ہے۔ یہ پاکستان میں کسی نئے سرے سے تعمیر ہونے والے ہسپتال کے لیے سنڈیکیٹڈ اسلامی پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت فراہم کی جانے والی پہلی سہولت ہے، جو صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے طویل مدتی مالی وسائل کی فراہمی میں ایک نئی مثال قائم کرتی ہے۔ بینک آف پنجاب نے اس سہولت کی تشکیل اور انتظام میں انٹر کریڈیٹر ایجنٹ کا کردار ادا کیا، جبکہ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر جوائنٹ مینڈیٹڈ لیڈ ایڈوائزر اینڈ ارینجر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے شریک ارینجر کی حیثیت سے حصہ لیا، جبکہ پیئر انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے سنڈیکیٹ کے مالیاتی اداروں کے طور پر فنانسنگ میں شرکت کی۔ بینک آف پنجاب کی جانب سے5.8 ارب روپے کی فنانسنگ کا عزم پاکستان کے شعبہ صحت کے لیے اس منصوبے کی اہمیت پر بینک کے اعتماد کا مظہر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ظفر مسعود نے کہا: صحت کی اہمیت ہم سب کی زندگیوں سے جڑی ہے۔ زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر ہم میں سے ہر شخص نے اپنے یا اپنے کسی عزیز کے علاج کے لیے طبی سہولت کی ضرورت محسوس کی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ایک معیاری ہسپتال اور ماہر ڈاکٹر کس طرح زندگی میں فرق پیدا کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نووا کیئر ہمارے لیے محض ایک فنانسنگ ٹرانزیکشن سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ اُن لوگوں کی دیکھ بھال، عزتِ نفس اور فلاح و بہبود میں سرمایہ کاری ہے جنہیں یہ ہسپتال طبی سہولیات فراہم کرے گا۔
