اٹک ( ڈسٹرکٹ رپو رٹر ) پیرا فورس اور بلدیہ عملے کی مبینہ سخت کارروائیاں، دکاندار پریشان، کاروبار تباہی کے دہانے پر، پیرا فورس اور بلدیہ عملے کی جانب سے دکانداروں کے خلاف مبینہ سخت کارروائیوں، کاروباری سامان کی ضبطی اور بھاری جرمانوں نے چھوٹے تاجروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا،تفصیلات کے مطابق اٹک شہر کے مین فوارہ چوک کے چاروں اطراف گیٹوں کی تنصیب کے باعث پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ اب تجاوزات کے خاتمے کے نام پر مبینہ کارروائیوں، سامان کی ضبطی اور بھاری جرمانوں نے دکانداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں اور دیگر اخراجات کے باعث کاروبار چلانا پہلے ہی مشکل ہے، ایسے میں سخت انتظامی اقدامات ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں، دکانداروں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے، تاہم کارروائیاں قانون کے مطابق یکساں اور منصفانہ ہونی چاہییں تاکہ چھوٹے کاروباری افراد کا روزگار متاثر نہ ہو، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پیرا فورس اور بلدیہ عملے کی مبینہ کارروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، دکانداروں کی شکایات سنی جائیں اور قانون کے نفاذ کے ساتھ ان کے کاروباری حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
