کیف ، اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے سٹیشن پر روس کے ڈرون حملے میں کم از کم 14افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ 3زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے سرکاری ریلوے کی صبح جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرون نے ریلوے سٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔یوکرین کے ریلوے نے حملے سے قبل خطرے کی سطح بڑھنے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم پر مسافر موجود رہے اور ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور صنعتی ممالک کے گروپ جی7سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔انھوں نے روسی توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر پابندیوں میں نرمی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی مشینری پر دبا بڑھانا ضروری ہے۔ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی واقعے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت 1700 سے زیادہ ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔دریں اثناء پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی خورئیو نے کہا ہے کہ یوکرین تنازع میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، روس کے دیگر دوست ممالک کی طرح اگر پاکستان یوکرین تنازع میں ثالثی کرانا چاہیے تو روس اس کی تجویز پر غور کرے گا، اگر پاکستان اور افغانستان رضامند ہوں تو روس ان کے درمیان ثالثی کروا سکتا ہے۔اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں یوکرین وار-بیانڈ دی ہیڈ لائنز کی تقریب رونمائی سے خطاب میں روسی سفیر البرٹ پی خورئیو نے کہا کہ یوکرین تنازع پر متوازن مقف اختیار کرنے پر پاکستانی قیادت کے لیے دلی قدر و تحسین کا اظہار کرتا ہوں، ہم اس طرز عمل جو اکثر مثبت غیر جانب دار کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی حالات و واقعات کے بارے میں پاکستان کے آزادانہ جائزے مذاکرات کے لیے پاکستان کے عزم اور فہم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی، زرعی مصنوعات اور کھادوں کے ایک قابل اعتماد فراہم کنندہ اور بطور خطے کے اہم شراکت دار روس اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کو تیار ہے۔
ڈرون حملہ
