اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایمان مزاری کے خلاف رکاوٹیں ہٹانے کے کیس میں ٹرائل کے خلاف دائر اپیلوں کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا ہے، سپریم کورٹ میں اب یہ کیس غیر موثر ہو چکا ہے۔سپریم کورٹ کے مطابق درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کرے گی۔دریں اثنا سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنی بیٹی ایمان مزاری اور داماد ہادی علی کیس کے حوالے سے عدالتی نظام اور ریاستی رویے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور گفتگو کے دوران وہ آبدیدہ ہوگئیں۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے آبدیدہ لہجے میں کہا کہ میری بیٹی اور داماد وزیراعظم کی بیٹی اور داماد تو نہیں ہیں کہ کرپشن اور سنگین مقدمات کے باوجود انہیں فوری رہائی یا استثنیٰ مل جائے، اگر ریاست نے میری بیٹی ایمان مزاری اور داماد ہادی علی کو پوری زندگی جیل میں رکھنا ہے یا سزائے موت دینی ہے تو کھل کر بتا دیا جائے، ہمیں روز روز عدالتوں میں کیوں خوار کیا جا رہا ہے؟۔سابق وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ ملکی نظام میں انصاف کا معیار بااثر اور عام شہریوں کے لیے بالکل مختلف ہے، میرا داماد کسی جسٹس یا با اثر شخصیت کا بیٹا نہیں ہے جو دو خواتین کے قتلِ عام جیسے سنگین معاملے کے باوجود اگلے ہی دن باعزت بری ہو جائے، آج کے پاکستان کا یہی تلخ سچ اور انصاف ہے جہاں با اثر مفرور اور اشتہاری لوگ کرپشن کیسز سے صاف بچ نکلتے ہیں اور عام شہریوں پر بے بنیاد مقدمات کی بھرائیم کی جاتی ہے۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنی بیٹی اور داماد کے خلاف جاری قانونی کارروائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک ”شیم ٹرائل”قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی اور داماد کو پنجرے میں بند کرکے عدالتوں میں لایا جاتا رہا اور جیل کے اندر نا انصافی پر مبنی ٹرائل کیا گیا، اعلی عدلیہ اس تمام تر کارروائی کو دیکھتی رہی اور سپریم کورٹ جیسے اہم ادارے صرف اس انتظار میں بیٹھے رہے کہ کب انتظامیہ اور نیچے کی عدالتیں انہیں سزا سناتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی قانونی ٹیم اور وکلا تمام مقدمات کی باقاعدہ اور قانونی طریقے سے پیروی کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں کسی قسم کا انصاف نہیں مل رہا، ہم تمام آئینی اور قانونی دروازے کھٹکھٹا چکے ہیں، مگر جب فیصلوں کا محور قانون کے بجائے سیاسی یا دیگر ترجیحات بن جائیں تو انصاف کی امید ختم ہو جاتی ہے، جب ایک قانون دان اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے جوڑے کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی سلوک کیا جا سکتا ہے تو عام شہریوں کے حقوق کی کیا ضمانت ہو سکتی ہے؟ انہوں نے اپیل کی کہ ان کی بیٹی اور داماد کے ساتھ بلاجواز اور انتقامی بنیادوں پر قائم مقدمات کا خاتمہ کیا جائے۔
ایمان مزاری
