غزہ (نیوز ایجنسیاں)غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میںایک باپ اور اس کا 13سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران غزہ میں تباہ حال نکاسی آب کا نظام مزید خطرناک صورت اختیار کرسکتا ہے، جس سے لاکھوں بے گھر افراد کو سیلاب اور بیماریوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی طبی حکام نے بتایا کہ غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کے ایک عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہیدہوگئے۔طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب اسرائیلی فضائی حملے سے ایک اور فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔بعد ازاں غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔ اس طرح منگل کو غزہ میں شہادتوں کی تعداد کم از کم سات ہوگئی۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں پانی کے ایک بڑے ذخیرے کی مرمت کے لئے درکار سامان کی درآمد مسترد کردی ہے، جس کے باعث شدید بارشوں میں اس کے بھر جانے اور قریبی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔یونیسیف کے مطابق غزہ شہر کا شیخ رضوان بارش کے پانی کا ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور بارشوں کے دوران اس کے لبریز ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارے کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ یونیسیف اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ تقریبا ایک سال سے اس منصوبے پر کام کر رہا تھا، جس پر 30 لاکھ ڈالر لاگت آنی تھی، تاہم اسرائیلی فوج کے ادارے کوگیٹ نے گزشتہ چند روز میں اس منصوبے کو مسترد کردیا۔یونیسیف کے مطابق ذخیرے سے زہریلا اور آلودہ پانی سڑکوں اور خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے بچوں اور خاندانوں کو دوبارہ اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنے پڑسکتے ہیں اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ شدید بارشوں سے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے ہیں۔ ایک واقعے میں ریت کا بند گرنے سے چار افراد، جن میں تین کم عمر بچے شامل تھے، جاں بحق ہوگئے۔
اسرائیلی حملے
