اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومتی وفد کی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحما کے گھر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ کیے گئے سلوک کا معاملہ اٹھا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسحاق ڈار کی صدارت میں حکومتی وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچا، وفد میں سردار ایاز صادق ، طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شریک تھے۔پیپلزپارٹی کے وفد میں شیری رحمان اور نوید قمر بھی شریک ہیں۔ اعلامیے کے مطابق پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹوزرداری سے حکومتی وفد نے ملاقات کی، بلاول بھٹو اور حکومتی وفد کے درمیان پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر گفتگو کی گئی جبکہ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے کا معاملہ اٹھایا اور اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے کا معاملہ ذاتی طور پر دیکھنے کی درخواست کی جبکہ ملاقات میں جے یو آئی سربراہ کے اہل خانہ سے مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وفاقی وزیرطارق فضل چوہدری نے بتایاکہ ملاقات خوشگوارماحول میں ہوئی بلاول بھٹو نے کہاکہ بطوراتحادی پارلیمان میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے قانون سازی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اوروزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ چاہتاہوں کہ شہباز شریف پانچ سال پورے کریں۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ مختلف وزارتوں کے بل پیندنگ ہیں آئندہ اجلاس میں ان پرقانون سازی ہوگی ان میں28ویں ترمیم کا شامل نہیں ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نئے صوبوں کا طریقہ آئین میں درج ہے۔ ریفرنڈم میں صرف عوام کی رائے لی جائیگی اگرمثبت آئی تو آئین کے مطابق عمل ہوگا اور اگرعوامی رائے منفی آئے تومعاملہ ختم ہوجائیگا۔
