لاہور(خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سربراہ اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کے دوران نواز شریف کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی تجویز دی گئی، جسے انہوں نے قبول کرلیا اور پارٹی ذمہ داروں کو ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مشاورت کے دوران اتفاق رائے پایا گیا کہ قانونی جنگ عدالتوں میں اور سیاسی جنگ سیاسی میدانوں میں لڑی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ساتھیوں نے ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشورہ دیا کہ مکمل ہونے والے منصوبوں کا مزید تیز رفتاری سے افتتاح کیا جائے۔ وزیراعظم کی سیاسی ٹیم نے پنجاب اور بلوچستان کے علاوہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی رابطہ مہم شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔ مسلم لیگ ن کی صوبائی تنظیموں کی جانب سے اپنی اضلاعی تنظیموں کو تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی جارہی ہےں۔
