اسلام آباد(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعدنواز شریف تیسری بار بھی اپنی مدت مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تاہم یہ ان کا طویل ترین دور حکومت تھا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے پانچوں ججوں نے پاناماکیس پر وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دےدیا۔اس سے قبل بھی نواز شریف دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز ہوئے لیکن اپنا دور اقتدار مکمل نہ کر پائے تھے۔ پہلی بار انہیں 93 میں صدر غلام اسحاق خان نے 58 ٹو بی کے تحت عہدے سے فارغ کیا تھا جس کے بعد 99 میں انہیں مشرف نے مارشل لا کے ذریعے باہر کردیا تھا۔ دونوں بار ہی نواز شریف اپنی وزارت عظمیٰ کے تیسرے سال میں تھے اور اب وہ اپنی حکومت کے آخری سال میں عہدے سے فارغ ہوئے ہیں اور وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے شخص ہیں جو تین دفعہ وزیر اعظم بنے اور تینوں بار ہی اپنی مدت مکمل نہ کر سکے۔
