نیویارک (ویب ڈیسک)اگر آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو واٹس ایپ گولڈ کا نام بھی ضرور سن رکھا ہوگا، اور شاید اسے استعمال کرنے کی تمنا بھی رکھتے ہوں گے۔ یہ بات عام سننے میں آتی ہے کہ اسے صرف دنیا کی مشہور ترین شخصیات ہی استعمال کرتی ہیں ،مگر حال ہی میں عام صارفین کو بھی ایک میسج موصول ہونے لگا ہے، جس میں بتایا جاتا ہے کہ انہیں واٹس ایپ گولڈ استعمال کرنے کا خصوصی موقع دیا جا رہا ہے اور اب وہ بھی اس خاص سروس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ لیکن ٹیکنالوجی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ کو اپنی واٹس ایپ اپ گریڈ کرکے واٹس ایپ گولڈ میں بدلنے کا میسج موصول ہو تو اس کے دھوکے میں ہرگز نہ آئیں کیونکہ یہ آپ کا موبائل فون ہیک کرنے کی سازش ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیکروں کی طرف سے صارفین کو ایک میسج بھیجا جاتا ہے جس میں لکھا ہوتا ہے، ”آخر کار واٹس ایپ کا خفیہ گولڈن ورڑن لیک ہوگیا ہے۔ یہ ورڑن صرف مشہور شخصیات استعمال کرتی ہیں۔ اب آپ بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں۔“ حقیقت یہ ہے کہ گولڈ اپ گریڈ نامی کوئی چیز حقیقت میں موجود نہیں ہے، بلکہ اس میسج پر عملدرآمد کرتے ہوئے آپ جو چیز ڈاﺅن لوڈ کریں گے دراصل وہ ایک وائرس ہے جو آپ کے موبائل فون کا کنٹرول ہیکروں کے حوالے کردے گا۔ اکثر صارفین اس پیشکش کو واٹس ایپ گولڈ اپ گریڈیشن کا نادر موقع جان کر دھوکا کھاجاتے ہیں اور اپنے قیمتی ڈیٹا سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق زیادہ تر اینڈرائیڈ صارفین کو اس فریب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو اس طرح کا کوئی میسج موصول ہو تو اسے کھولے بغیر ڈیلیٹ کردیں۔