ڈاکٹرنوشین عمران
چہرے کے پٹھوں کو ”فیشیل نرو“ کنٹرول کرتی ہے۔ جس میں انفیکشن، کمزوری یا فالج کے باعث چہرے پر لقوہ ”بیلز پالسی“ ہو جانا ہے۔ دائیں اور بائیں فیشل نرو چہرے کے دونوں جانب سے الگ الگ کام کرتی ہیں۔ یہ نس چہرے، غدود، آواز پیدا کرنے والا ساﺅنڈ بکس، کان کا کچھ حصہ، لعاب دہن، زبان کا اگلہ حصہ، ذائقے کی حس، آواز کے کان میں جانے والے حصے کو کنٹرول کرتی ہے۔ اسی لئے لقوہ میں چہرے کے یہ تمام حصے متاثر ہوتے ہیں۔
انفیکشن کے باعث چہرے پر آنے سے پہلے والے حصے میں سوزش ہو جاتی ہے جس سے نس کی تمام چھوٹی شاخیں کام کرنا بند کر دتی ہیں۔ لیکن یہ اثرات چہرے کے ایک جانب ہوتے ہیں دونوں جانب نہیں۔ 80 فیصد مریضوں میں لقوہ خود بخود کم ہو جاتا ہے۔ فیشیل نرو کی انفیکشن کی اہم وجہ وائرس ہے۔ جو عام طور پر سرد موسم میں بڑھ جاتا ہے۔ اسی باعث ایک زمانے میں یہ خیال کیا جاتا تھا کہ سرد موسم، تیز ہوا، اے سی یا پنکھے کے باعث چہرے کو ہوا لگ جاتی ہے اور لقوہ ہو جاتا ہے۔ جبکہ اس کی وجہ ”وائرس ہرپس سمپلکس“ ہے۔ چند دوسرے وائرس بھی نس کی انفیکشن پیدا کر کے لقوہ کر سکتے ہیں۔ لیکن سردی یا ہوا لگنے سے لقوہ نہیں ہوتا۔
لقوہ کی علامات بہت معولی یا بہت شدید ہو سکتی ہیں۔ علامات اچانک ظاہر ہوتی ہیں اور 48 گھنٹوں میں پوری شدت پر آ جاتی ہیں۔ چہرے کے ایک جانب پٹھوں کی کمزوری، ڈھیلا پن، فالج جیسی کیفیت ہو جاتی ہے۔ متاثرہ جانب آنکھ بند ہو جاتی ہے، آنکھ سے پانی بہنے لگتا ہے، ہونٹ ایک جانب کھنچ جاتے ہیں۔ اس جانب سے تھوک بہنے لگتی ہے۔ کان کے نیچے درد رہتا ہے، ذائقہ کی حس ختم ہو جاتی ہے، کان میں آواز زیادہ تیز یا اونچی سنائی دیتی ہے، جبڑے کے گرد درد ہوتا ہے، زبان لڑکھڑاتی ہے، سر چکراتا یا سربھاری ہو جاتا ہے۔ چہرے کے سارے پٹھے ایک جانب کھنچے محسوس ہوتے ہیں۔
لقوہ ہونے کے 72 گھنٹے کے اندر اندر سٹیرائڈ دوا استعمال ضروری ہے کیونکہ یہ نسوں کی سوزش کو کم کرتا ہے۔ عموماً پریڈ نیسولون سٹیرائڈ گولی دن میں تین بار لی جاتی ہے۔ پھر ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ہر تین دن بعد ایک گولی کم کر کے چند دن میں ختم کر دی جاتی ہے۔ آنکھ سے چونکہ پانی بہت بہتا ہے اس لئے آنکھ پر صاف رومال رکھیں۔ ادویات کے ساتھ چہرے کی فزیوتھراپی اور مالش ضرور کریں۔ مریض خود دن میں دس سے بارہ بار چہرے کی ورزش کریں جیسا کہ چیونگم چبانا، غبارے میں ہوا بھرنا، منہ میں ہوا بھرنا، دانت جوڑ کر مسکرانا، منہ کھولنا اور بند کرنا، منہ میں متاثرہ جانب برف کا ٹکڑا رکھیں اس سے سوزش کم ہو گی۔ اگر فزیوتھراپی اور دواﺅں کے بعد بھی کچھ نقص رہ جائے تو اسے بوٹوکس انجکشن سے دور کیا جا سکتا ہے۔
٭٭٭