لاہور( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کو مستقبل کا وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے سابقہ اہلیہ جمائما خان سے دوبارہ شادی کا مشورہ بھی دیدیا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بہت بڑا فیصلہ دیا ہے اور لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہوں گے اور عوامی مسلم لیگ ان کے ساتھ ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ اس کیس میں جو کلیدی کردار جمائما نے ادا کیا ہے میں اسے سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہو گی کہ اگر کوئی مذہبی رکاوٹیں ، کوئی اورمسئلہ نہ ہو اوراگر عمران خان نے شادی کرنی ہے تو پھر جمائماسے شادی کرے ۔ میں ثالثی کونسل کا چیئرمین رہا ہوں وہ عورتیں جنہیں طلاق ہو جا تی ہے وہ آ کر مردوں کے سر پھوڑتی ہیں لیکن جمائما نے جس طرح کاغذات ڈھونڈے اس نے ثابت کیا کہ وہ نسلی اور خاندانی عورت ہے ۔ اس کیس میں سے عمران خان کو اللہ کے بعد جمائما نے بچایا ہے ۔ مجھے امید ہے کہ عمران خان مستقبل میں وزیراعظم کا امیدوار ہوگا اور عوامی مسلم لیگ ان کی مہم چلائے گی ۔