اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اتحادی فنڈ کو بھیک کا نام نہ دیاجائے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایسی حکمت عملی وضع کریں جس سے ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہ رہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی طرف سے ایک غیر سنجیدہ ٹوئٹ افسوسناک ہے، 17 برسوں سے ایسی جنگ میں شریک ہیں جو ہماری ہے ہی نہیں، نائین الیون کے بعد جتنا نقصان پاکستان کا ہوا اتنا کسی کا نہیں ہوا۔نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر کو معلوم ہونا چاہیے کہ 2013 میں پی ایم ایل (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا، دوسرے ممالک کو سفارتی آداب کا خیال رکھنا چاہیے جب کہ کولیشن فنڈ سپورٹ کو امداد کانام نہیں دینا چاہیے تاہم وزیراعظم ایسی حکمت عملی وضع کریں جس سے ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہ رہے۔