لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ ماڈل ٹاو¿ن پر انصاف عدالتوں نے دینا ہے، حکومت نے نہیں، طاہرالقادری کا ایجنڈا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ایکشن ہو گا، رانا ثناءاللہ کی وارننگ۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 جنوری کا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاو¿ن پر نہیں، کسی اور ایجنڈے کا حصہ ہے، سانحہ ماڈل ٹاو¿ن پر انصاف عدالتوں نے دینا ہے، حکومت نے نہیں۔ وزیر قانون پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عوامی تحریک عدالت میں فریق ہے اور کارروائی میں حصہ دار ہے، جمہوریت میں پرامن احتجاج کی اجازت ہے مگر قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا، ہماری حکومت کے قیام کے ساتھ ہی طاہرالقادری کا احتجاج شروع ہو گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آخری گولی کی بات کرنیوالوں نے اسلام آباد میں قبریں بھی کھودی تھیں، احتجاج سے کوئی پریشان نہیں، حکومتی رٹ کے لئے ممکنہ اقدامات کریں گے، ان کا احتجاج ہی ان کے انجام کا باعث بنے گا، طاہرالقادری کی منزل اسلام آباد نہیں، کینیڈا ہو گی۔ رانا ثناءاللہ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی قوتیں احتجاج کو اپنے انتخاب کا ذریعہ بنانے کی کوشش کریں گی لیکن کسی کی چیخ و پکار حکومتی رٹ پر اثرانداز نہیں ہو سکتی، قومی املاک اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور کسی کو شہروں کی بندش کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماءطلال چوہدری نے کہا ہے کہ طاہر القادری کی تحریک کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری فنڈنگ کر رہے ہیں، قادری صرف فرنٹ مین کے طور پر کام کر رہے ہیں، مسلم لیگ(ن) کے سیاسی مخالفین صبح صبح اٹھ کر منگتوں کی طرح استعفا دو استعفا دو شروع کردیتے ہیں، اپوزیشن کا یہ اتحاد اس بار پھر ناکام ہوگا۔ عوامی تحریک کی جانب سے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے اعلان کے بعد اپنا ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنماءکا کہنا تھا کہ یہ اتحادمسلم لیگ(ن)سے کئی مرتبہ ہارنے والے شکست خوردہ افرادکاہے، یہ اتحاد شکست خوردہ لوگوں کا ہے جو پہلے بھی کئی بار ہارے، پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے طاہرالقادری کو بٹھا کر اتحادکرلیا ہے اور قادری کی تحریک پہلے کی طرح تحریک شرمندگی ثابت ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قادری صاحب ایک بہانہ ہیں، اتحاد پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے بنایا ہے اور قادری کو صرف ایک فرنٹ مین کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ قادری صاحب جب آتے ہیں ان کی تاریں کہیں نہ کہیں سے ہلائی جاتی ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ حکومت کو گرایا جائے۔ طاہرالقادری ہمیشہ جمہوری نظام پرحملے کرتے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا ہے کہ باقر نجفی رپورٹ میں کسی پر ذمے داری عائد نہیں کی گئی، طاہرالقادری انصاف کے حصول کے لیے عدالت جائیں کیونکہ عدالت ہی واحد فورم ہے جہاں سے انہیں انصاف ملے گا۔ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کی اے پی سی نے سیاسی اعلامیہ جاری کیا تھا، طاہرالقادری نے آصف زرداری سے بھی 2012 میں استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا طاہرالقادری دھرنا نہیں دیں گے کیونکہ دھرنوں نے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں دیا، عام انتخابات جولائی میں ہوں گے۔