All posts by Faisal Khan

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی امریکی صدر ٹرمپ پر سخت تنقید

واشنگٹن : امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ ایک غیر موثر صدر ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کے نشتر برسائے ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک بے کار صدر ہیں جن کا کوئی اثر نہیں، انہوں نے وبائی صورتحال میں بحران کو مزید سنگین کیا ہے۔

امریکی گلوکارہ نے پوسٹل سروس میں تبدیلی کرنے اور ان کے اوقات کار کرکے کلیشن باکس کو ہٹانے پر ٹرمپ کو تنقید کی زد میں لیا۔

سندھ ہائی کورٹ : شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کالعدم قرار

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے کی آزادانہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شوگر انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز مالکان کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کالعدم قرار دے دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے پر متعلقہ اداروں کو نئی آزادانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر ادارے قانون کے مطابق چینی کی قلت اور اس کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات کریں۔

واضح رہے کہ20سے زائد شوگر ملز مالکان نے کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو چیلنج کیا تھا، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمرسیال پر مشتمل 2رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کاشف پراچہ کا کہنا تھا کہ چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوا ہے، تحقیقات شوگر ملز مالکان کے خلاف نہیں بلکہ قلت کی وجوہات جاننے کے لیے تھیں۔

اے اے جی کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن کی رپورٹ میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا پتا لگایا گیا ہے، شوگر ملز مالکان کے خلاف کوئی براہ راست الزام نہیں لگایا گیا،اور نہ ہی انہیں کام سے روکا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ میں درج سندھ کی 20 شوگر ملوں کے خلاف 30جون تک کارروائی سے روک دیا تھا۔

جولائی میں پاکستان کی تاریخ میں ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک کی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ہیں۔

عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر جولائی میں 2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز ہو گئیں جو پاکستان کی تاریخ میں ترسیلات زر کی یہ سب سے زیادہ رقم ہے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ جون 2020 کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 12.2 فیصد اضافہ ہوا جب کہ جولائی 2019 کے مقابلے میں ترسیلات زر کا اضافہ 36.5 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر بھی وزیراعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدہ ہو گیا ہے، اب بجلی کی قیمتیں نیچے جائیں گی۔

شاہ محمود کا بین الافغان مذاکرات میں حائل مسائل جلد حل کرنے پر زور

ویب ڈیسک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مشترکہ کوششوں کی بدولت افغان امن عمل میں بے مثال کامیابی ملی ہے، بلاتاخیر بین الافغان مذاکرات شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الافغان مذاکرات کے آغاز میں حائل مسائل حل کریں اور بلاتاخیر مذاکرات شروع کرانے کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کو اس نہج تک لانے میں ہماری اجتماعی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں، ہمیں اس تاریخی موقعے کی اہمیت کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ امریکا افغان معاہدے میں شامل قیدیوں کی رہائی کی شرط کے تحت باقی رہ جانے والے  400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

دو روز قبل حکام افغان حکام نے 80 طالبان قیدی رہا کیے تھے جس کے بعد  بین الافغان امن مذاکرات شروع ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

سکھوں نے بھارتی پنجاب میں ڈی سی آفس پر خالصتان کا پرچم لہرادیا

(ویب ڈیسک)دونوں سکھ نوجوانوں نے موگا شہر میں واقع ڈپٹی کمشنر آفس پر بھارتی پرچم اتارکر خالصتان۔جھنڈا لہرادیا، پولیس نے گرفتار کرکے غداری کا مقدمہ کرلیا۔مظاہرین نے بھارتی پنجاب کو خالصتان بنانے کا مطالبہ بھی کردیا۔نیویارک میں بھارتی مشن کے باہر مظاہرہ، مودی قاتل کے نعرے۔

بروقت اور مؤثر اقدامات سے گندم اور آٹےکی قیمتوں میں استحکام آیا: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث گندم اور آٹےکی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے، کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی متعلقہ حکام اور انتظامی افسران گندم اور آٹے کی قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رکھیں، عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد اورپنڈی کے شہریوں کیلئے خوشخبری: جڑواں شہروں میں ڈبل ڈیکر بس چلے گی

راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کی تفریح کے لیے ڈبل ڈیکر بس چلے گی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کے لیے نئی بس سروس کا آغاز کردیا گیا ہے اور نئی ٹوریسٹ ڈبل ڈیکر بس سروس کی ٹیسٹ ڈرائیو کی گئی۔

ٹیسٹ ڈرائیو میں  ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق شریک ہوئے جب کہ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب آصف محمود بھی ڈبل ڈیکربس کی ٹیسٹ ڈرائیوکے دوران موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق شہریوں کے تفریحی مقامات دیکھنے کے لیے نئی سہولت ہوگی اور محکمہ سیاحت پنجاب، پی ایچ اے نے ضلعی انتظامیہ سے مل کر بس سروس شروع کی۔

دوسری جانب ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب(ٹی ڈی سی پی) کے سابق چیئرمین عمران گورایہ کا کہنا ہے کہ یہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا منصوبہ تھا، جس میں سے ایک بس راولپنڈی لے جاکر چلادی، اس میں نیاکچھ نہیں کیا گیا۔

سلامتی کونسل میں امریکا ناکام، ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع مسترد

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر ہتھیاروں کی عالمی پابندی میں توسیع کی امریکی کوشش مسترد کردی گئی۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں واشنگٹن نے تہران پر غیر معینہ مدت تک عالمی پابندی میں توسیع کی قرارداد پیش کی جس کو صرف ڈومینیکن ریپبلک کی حمایت حاصل رہی۔

واضح رہے کہ امریکا کو قرارداد کی منظوری کے لیے کم از کم 10 ووٹ درکار تھے۔

فرانس، جرمنی اور برطانیہ سمیت 15 رکنی باڈی کے 11 اراکین نے ووٹ دینے سے گریز کیا۔

روس اور چین نے 13 سالہ پابندی میں توسیع کی شدید مخالفت کی۔

واضح رہے کہ یہ پابندی ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے مابین 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کے تحت 18 اکتوبر کو ختم ہونے والی ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کی ناکامی سے متعلق مختصر بیان جاری کیا۔

انہوں نے قرارداد کی ناکامی کو سلامتی کونسل کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے دفاع میں مذکورہ فیصلہ ناقابل معافی ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ اسرائیل اور 6 خلیجی ممالک نے ایران پر عالمی ہتھیاروں سے متعلق پابندی میں توسیع کی حمایت کی کیونکہ وہ جانتے ہیں پابندی ختم ہونے کے بعد تہران انتشار اور تباہی پھیلائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن سلامتی کونسل نے اس معاملے کو نظر انداز کیا۔

اقوام متحدہ میں چین کے سفیر جانگ جون نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ایک مرتبہ پھر ظاہر ہوگیا ہے کہ یکطرفہ نظام کی کوئی حمایت نہیں کرے گا اور دھونس ناکام ہوگی۔’

دوسری جانب ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا کی ناکامی پر کہا کہ ‘امریکا ذلت کے ساتھ اس سازش میں ناکام رہا’۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ٹوئٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کی 75 برس کی تاریخ میں امریکا کبھی بھی اتنا تنہا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ‘تمام دوروں اور دباؤ کے باوجود امریکا صرف ایک چھوٹے سے ملک کو ووٹ ڈالنے کے لیے آمادہ کرسکا’۔

اس سے قبل 11 نومبر 2019 کو ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان (جے سی پی او اے) پر مسلسل عمل درآمد کے نتیجے میں 2020 تک ایران پر موجود اسلحہ کی پابندی ختم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری رکھنے سے ‘ہم اگلے سال اقتصادی سلامتی کا ایک ہدف حاصل کرلیں گے’۔

یاد رہے کہ 2015 میں امریکا، جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین نے ایران کے ساتھ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے جس کے بدلے میں ایران پر عائد عالمی پابندیاں ہٹانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس ایران کے ساتھ ہوئے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اس پر دوبارہ پابندیاں عائد کی تھی۔

واشنگٹن میں اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور امریکا پابندیاں دوبارہ بحال کرے گا۔

دوسری جانب جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین اس معاہدے کو بحال رکھنا چاہتے ہیں جس کے تحت ایران کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ وہ یورپ سے اپنی امیدیں نہ جوڑے کیونکہ تہران کے ساتھ عالمی قوتوں سے جوہری معاہدے کے تخلیق کار امریکا کے دباؤ میں ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایران ‘ بغیر کسی حد کے’ یورینیم افزودگی کو دوبارہ شروع کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں ایرانی اٹامک آرگنائزیشن کو مستقبل میں کارروائیوں کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرچکا ہوں اس لیے اگر ضروری ہوا تو ہم بغیر کسی حد کے افزودگی کا عمل شروع کرسکتے ہیں’۔

ایرانی صدر نے کہا تھا کہ ‘ہم اس فیصلے سے قبل کئی ہفتے انتظار کریں گے، ہم اپنے دوستوں اور جوہری معاہدے کے اتحادیوں سمیت دیگر سے بات کریں گے’۔

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون زخمی

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی)  کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری  کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھاتی فوج نے ایل او سی پر دانستہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون زخمی بھی ہوگئی۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق پاک فوج نے بھی منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ کورون وبا کے باوجود بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک بلااشتعال فائرنگ میں کئی فوجی اور شہری شہید ہوچکے ہیں۔

پی آئی اے کا پیرس کے لیے متبادل آپریشن بحال

پاکستان انٹرنیشل ائیر لائنز  (پی آئی اے) کی پیرس کے لیے متبادل ذرائع سے پروازیں بحال کر دی گئیں ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ائیر لائن نے یورپی ائیر سیفٹی کی جانب سے پابندی کے باعث پیرس کے لیے متبادل آپریشن بحال کر دیا ہے، یوم آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے پروازوں کی بحالی برطانیہ اور یورپ سے شروع ہوئی۔

پی آئی اے کی پہلی پرواز  پیرس سے اسلام آباد کے لیے 260 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی جب کہ پرواز میں 18 مسافروں نے ایگزیکٹو اکانومی اور  242 مسافروں نے اکانومی کلاس میں سفر کیا۔

پیرس ائیر پورٹ پر  پی آئی اے کے کنٹری مینیجر اور اسٹیشن مینیجر نے مسافروں کو رخصت کیا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے یورپ کے لیے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی بحالی کے اقدامات کر رہےہیں، بین الاقوامی سیفٹی ایجنسی کے تحفظات دور کر دیے جائیں گے۔