All posts by Faisal Khan

حکومت کے 2 سال مکمل، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، مشیر خزانہ

ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، حکومت نے بڑے فیصلے کیے، آئی ایم ایف سے تعلق بنایا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے قرض لے کر خود کو بہت کمزور کرلیا تھا، دوست ممالک نے آگے بڑھ کر ہماری مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 5 ہزار ارب روپے ماضی میں لیا گیا قرض ادا کیا، فیصلہ کیا تھا آزاد بنیاد پر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، 20 ارب ڈالر خسارہ کو کم کر کے 3 ارب کر دیا گیا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے برآمدات بڑھانے کیلئے مراعات دیں، رواں سال اسٹیٹ بینک سے کوئی قرض نہیں لیا، ٹیکسز کے نظام کو بہتر کرنےکی کوشش کی، ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اخراجات میں کمی کی، صدر اور وزیراعظم ہاؤس کے فنڈز کم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی ادارے، کسی وزارت کو سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹیکس ریونیو متاثر ہوا، کورونا سے پہلے ٹیکس بڑھنے کی سطح 17 فیصد تھی، کورونا کے دوران ایک ہزار 240 ارب کا پیکج دیا۔

حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ حکومت نے بلاتعصب ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانیوں کو امداد دی، ملکی تاریخ میں پہلی بار 250 ارب روپے لوگوں کو دیئے گئے، کورونا سے بے روزگار ہونے والوں کو نقد امداد دی گئی، زراعت کے لیے 280 ارب روپے کا پیکج دیا، حکومت نے کاروباری طبقے کو سستے قرضے فراہم کیے، چھوٹے کاروبار کے 3 ماہ کے بجلی بل خود بھرے۔

دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات شبلی فراز، حماد اظہر، اسد عمر و دیگر موجود تھے۔

بھارت کا پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا: شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کا پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا، پوری دنیا میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، دوست ممالک سے مستحکم تعلقات کی پالیسی بنائی گئی، افغانستان میں امن کیلئے پاکستانی اقدام بڑی کامیابی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا دیکھنا ہوگا ہمارے دائمی حریف کے مقاصد کیا تھے، بھارت کی کوشش رہی پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرے، ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، بھارت کیخلاف چین، نیپال اور بنگلادیش کا ردعمل سب کے سامنے ہے، ہم نے دیرینہ تعلقات کو نیا رخ دینے کی کوشش کی، دیمک سے تشبیہ دینے پر بنگلادیش میں سرد مہری دیکھنے کو ملتی ہے، چین کیساتھ عرصہ دراز سے اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور دوستی ہے۔

افغانستان کی صورتحال پر شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم کہتے رہے افغانستان کا حل سیاسی ہے، پومپیو نے کہا افغان امن میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں، آج پوری دنیا افغانستان کے سیاسی حل کو ترجیح دی رہی ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیا کے تمام ممالک بھارت کی توسیع پسندانہ سوچ کا شکار ہیں، دنیا میں اسلامو فوبیا کی ہوا چل رہی ہے، کورونا کی وجہ سے دنیا کا منظر نامہ بدل رہا ہے، وزیراعظم نے کورونا صورتحال میں قرضوں کے معاملے پر بات کی۔

مسئلہ کشمیر پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر عمران خان نے اٹھایا، ایک سال میں 3 مرتبہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، بھارت کو نا چاہتے ہوئے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث برداشت کرنی پڑی، عمران خان نے گزشتہ برس جو اقوام متحدہ میں تقریر کی اس کا سابقہ حکومتوں سے موازنہ کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا وزارت خارجہ میں ہم نے ادارا جاتی اصلاحات کی ہیں، ای ویزہ کی سہولت اور ایف ایم ڈائریکٹ ایپ بنائی گئی، ایپ کے ذریعے تمام سفیر میرے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

لاہور: ریلوے اسٹیشن کے قریب سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

لاہور ویب ڈیسک : سی ٹی ڈی نے ریلوے اسٹیشن کے قریب سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کےمطابق ریلوے اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کیے گئے دہشت گرد کی شناخت لیاقت کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشت گرد اپنے ساتھی خود کش حملہ آور کا انتظار کر رہا تھا اور یہ حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ اس کے ساتھی خودکش حملہ آور کی تلاش کے لیے بھی سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں مالی خسارہ کم اور ترقی کی رفتار بہتر ہورہی ہے:فیچ

کراچی: (ویب ڈیسک ) عالمی ریٹنگ ایجنسی فیچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مالی خسارہ کم اور ترقی کی رفتار بہتر ہورہی ہے ،رواں مالی سال شرح نمو 1عشاریہ 2 فیصد رہنے کی توقع ہے

فیچ ریٹنگ کی جانب سے جاری کی گئی پاکستانی معیشت پر رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کا جاری کھاتوں کا خسارہ 1٫7فی صد رہنے کی توقع ہے۔ کرونا کے باعث عالمی معاشی سست روی کی وجہ سے پاکستان کی ترسیلات میں 10فی صد کی کمی ہوگی۔

فیچ کا کہنا ہے کہ مالی سال 2021میں پاکستان 10ارب30کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کریگی ۔ جبکہ مالی سال 2022میں حکومت کو 8ارب 90کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کرنے ہیں ۔

فیچ کا کہنا ہے کہ کرونا کے باعث مالی سال 2021میں پاکستان کا مالی خسارہ 8٫2فی صد رہے گا۔ تاہم پاکستان میں ترقی کی رفتار بتتدریج بہتر ہورہی ہے۔ رواں مالی سال پاکستان پاکستان کی شرح نمو 1عشاریہ 2 فی صد رہنے کی توقع ہے جو گزشتہ مالی سال منفی عشاریہ 4فیصد تھی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا

ویب ڈیسک: کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان رہا جب کہ ملک میں ڈالر بھی مہنگا ہوگیا۔

انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 23 پیسے مہنگا ہو ا اور کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 168.16روپے ہوگئی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے اضافہ ہوا اور فی ڈالر 168.50 روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی دیکھی گئی۔

کاروباری دن میں 100 انڈیکس 464 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 168 پوائنٹس کم ہوکر40290 پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دسویں روز 50 کروڑسے زائد شیئرز کے سودے ہوئے اور آج حصص بازارمیں 52 کروڑ شیئرز کے سودے 22 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 17 ارب روپے بڑھ کر 7434 ارب روپے ہوگئی۔

سفارتی چیلنجوں کو سمجھنے کے لئے تھنک ٹینکس کا کردار ناگزیر ہے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تناظر میں تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کے پیش نظر سفارتی چیلنجوں کو سمجھنے کے لئے تھنک ٹینکس کا کردار ناگزیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ کی زیر صدارت انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آبادکے محققین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سفارتی چیلنجز کے ادراک  کیلئے تھنک  ٹینکس کا کردار ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تھنک ٹینکس کو آسیان، سارک اور دیگر علاقائی فورمز پر موجود تھنک ٹینکس کیساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ سے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدکی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سارک ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ اہم ترجیح ہے لیکن بدقسمتی سے سارک ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم انتہائی کم ہے۔

زیر خارجہ نے کہا ہے کہ سارک ملکوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ سے غربت  کم کرنے  میں مدد ملے گی۔

پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میرا مشن ہے، ارشد ملک

ویب ڈیسک : قومی ایئر لائن(پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میرا مشن ہے۔

سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل (ریٹائرڈ )ارشد ملک کا بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایئر فورس سے ریٹائرہونے کے بعد پی آئی اے بورڈ نے 20 سے 60 لاکھ روپے نئی تنخواہ آفر کی۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ  کورونا کے باعث ایرلائن کے حالات کے پیش نظر نیا سیلری پیکج فی الحال لینے سے انکار کردیا ۔اس وقت میں وہی تنخواہ لے رہا ہوں جو ایئرفورس سے ریٹائرمنٹ سے قبل آخری تنخواہ وصول کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میرا مشن ہے۔

توشہ خانہ ریفرنس: زرداری احتساب عدالت میں پیش، فرد جرم کیلئے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری توشہ خانہ ریفرنس میں ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوگئے جب کہ عدالت نے فرد جرم کے لیے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

اسلام  آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا جس کے لیے وہ اسلام آباد پہنچے۔

سماعت کے آغاز پر عدالتی عملے نے آصف زرداری کی طلبی کے لیے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو ہدایت دی جس پر فاروق نائیک نے سابق صدر کو فون کرکے عدالت میں پیش ہونے کا کہا۔

سابق صدر کورونا سے بچاؤ کے لیے این 95 ماسک اور فیس شیلڈ لگا کر عدالت میں پیش ہوئے اور جیسے ہی وہ کمرہ عدالت میں پہنچے تو بلاول بھٹو نے پارٹی ورکرز کو عدالت سے باہر بھیج دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وکلا کے معاونین بھی باہر چلے جائیں، کورونا چل رہا ہے کچھ خیال کریں۔

بلاول کی ہدایت پر راجا پرویز اشرف، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی اور نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ سابق صدر بیمار ہیں، عدالت بھری ہوئی ہے اگر ان کو کورونا ہوگیا تو کون ذمہ دار ہے؟ پہلے عدالت یہ فیصلہ کرے کہ کیا وکلا بغیر رکاوٹ عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں؟

اس موقع پر سابق صدر بطور ملزم روسٹرم پر آئے اور ان کی عدالت میں حاضری لگائی گئی۔

دورانِ سماعت نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون نے وکالت نامہ داخل کرا دیا اس  پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نوازشریف کو عدالت مفرور قرار دے چکی ہے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری ہے۔

بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری پر فرد جرم کے لیے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید کو بھی 9 ستمبر کو طلب کرلیا جب کہ ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کیلئے 20-20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 25 اگست تک مؤخر کردی اور سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا۔

حکومت نے تیل و گیس کی پیداوار کی ریئل ٹائم نگرانی شروع کردی

سلام آباد: صوبوں کی جانب سے شفافیت کے مطالبات سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت نے امریکا کی ایک کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ ڈیش بورڈ ایپلی کیشن کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار (ای اینڈ پی) کی ریئل ٹائم میں نگرانی شروع کردی ہے۔

وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے ایک پیٹرولیم ٹیکنالوجی کمپنی ایم ایل کے آر کے اشتراک سے ملکی تاریخ میں پہلی بار تلاش اور پیداوار کی معلومات کے موثر انتظام اور نگرانی کے لیے ‘ایک جدید ڈیش بورڈ ایپلی کیشن متعارف کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپلوریشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) ونڈوز پر مبنی ، کثیر صارف جی آئی ایس ڈیٹا بیس کی ایپلی کیشن ہے جو ڈائریکٹوریٹ آف پیٹرولیم مراعات (ڈی جی پی سی) کو ریئل ٹائم اور ای ڈی پی کے ڈیٹا سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے قابل بنائے گا، اس سے افسران کو کسی تکنیکی یا آپریشنل مسائل کی وجہ سے کم پیداوار، معطل کنویں، شٹ ان ویلز اور ڈرلنگ میں تاخیر سے متعلق فوری اقدامات و فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔

صوبوں کے مطالبے پر ابتدا میں خیبر پختونخوا اور اس کے بعد سندھ اور بلوچستان کے بعد مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے نومبر 2017 میں تیل، گیس اور بجلی کی پیداوار اور کھپت سے متعلق صوبوں کے ساتھ ریئل ٹائم کے اعداد و شمار شیئر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صوبے تیل، گیس اور بجلی کی پیداوار اور کھپت کی بنیاد پر ٹیکسوں اور محصولات کے حساب کتاب میں شفافیت اور اس کی صوبوں میں منتقلی کے لیے اعداد و شمار کے تبادلے کا مطالبہ کررہے ہیں، سی سی آئی نے تیل اور گیس کی تیاری اور مختص رقم کی ریئل ٹائم نگرانی کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

آئین کے آرٹیکل 161 کے تحت صوبوں کو اچھی قیمت پر 12.5 فیصد کی شرح سے تیل اور گیس کی پیداوار پر رائلٹی ادا کی جاتی ہے، تیل اور گیس کی پیداوار اور کھپت سے متعلق مرکز سے صوبوں کو چار سلسلوں میں محصولات وصول ہوتے ہیں جن میں گیس ڈیولپمنٹ سرچارج، قدرتی گیس پر ایکسائز ڈیوٹی، خام، گیس اور ایل پی جی پر رائلٹی اور سیلز ٹیکس شامل ہیں۔

پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ وزیر اعظم کے وژن کے تحت وزیر اعظم نے پاکستان کو ڈیجیٹلائزیشن بنانے کے منصوبے کے تحت وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر اور سکریٹری پٹرولیم ڈویژن اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مخصوص وقت میں اعلی بنیادوں پر منصوبے کو حقیقی شکل دی جا سکے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ اضافی بجٹ مختص کرنے، آئی ٹی آلات کی فراہمی یا کسی بیرونی و غیر ملکی امداد کے بغیر شروع کیا گیا ہے کیونکہ ایل ایم کے آر پہلے ہی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ سے تلاش اور پیداوار کے اعداد و شمار کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔

میرے پورے خاندان کو گرفتار کرلو 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر آپ میرے پورے خاندان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں کرلیں ہم 73 کے آئین اور 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے آپ کریں جو آپ کو کرنا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زداری کے پیشی کے موقع پر بلاول بھٹو بھی عدالت میں موجود تھے۔

جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم محسوس کررہے ہیں کہ ہم پر دباؤ ہے، ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ ہم بھی لائن میں آجائیں، ہم بھی اسکرپٹ کو فالو کریں، تا کہ 18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی ہو، ایوان سے کالا قانون منظور ہو لیکن ہم کل بھی دباؤ میں نہیں آئے آج بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگے جا کر آپ دیکھیں کہ 1973 آئین، این ایف سی ایوارڈ، جمہوری حقوق، انسانی حقوق اس ملک کے غریب عوام کے معاشی حقوق پر میرا مؤقف دباؤ کی وجہ سے تبدیل نہیں ہوگا۔

عدالتی کارروائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالت فوجی، اِن کیمرہ عدالت یا آمر کی عدالت نہیں کہ اسلام آباد کی پولیس فاروق ایچ نائیک، لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا کے ساتھ بدسلوکی کی اور عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سماعت تاخیر سے شروع ہوئی اور کارروائی بھی متاثر ہوئی۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہر ملزم کا وکیل اس بات پر احتجاج کررہا تھا، کسی کو دھکے لگے، کوئی زخمی ہوا کسی کو اندر نہیں آنے دیا گیا کیا یہ آزاد ریاست میں ہوتا ہے، پاکستان کے عوام، سپریم کورٹ کے وکلا سے کیا چھپانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو کیا خوف ہے کیا ڈر ہے؟ کیا یہ جج پر دباؤ ڈالنے کی کوشش تھی یا ہم پر دباؤ ڈالنے کی، کیا آپ آصف زرداری سے اتنا ڈرتے ہو کہ صرف عدالت میں پیشی کے موقع پر پوری اسلام آباد کی پولیس کو ادھر کھڑا کردیتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک تاریخی دن ہے آج 17 اگست ہے، ہر جیالے کو یہ تاریخ یاد ہے، آج مینگو ڈے تھا، جو اس ملک کے آمر جنرل ضیاالحق کا آخری دن تھا اورآج جو ہائبرڈ رجیم چل رہا ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھا ہے لیکن اس کی ڈور کہیں اور سے ہلتی ہے اس ہائبرڈ رجیم کا بھی اختتام ہونا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی اور کٹھ پتلی جمہوریت نہیں چلے گی چاہے آپ سمجھتے ہوں کہ وزیراعظم کو بھی کٹھ پتلی کی طرح چلائیں، میڈیا کو بھی کٹھ پتلی کی طرح چلائیں، احتساب عدالتوں کے ججز سے لے کر نہ جانے کس سطح تک کے ججز کو کٹھ پتلی کی طرح چلائیں اور ہھر اپوزیشن پر نیب اور کیسز کے ذریعے دباؤ ڈال کر انہیں بھی کٹھ پتلی کی طرح چلانے کی کوشش کررہے ہیں، آپ کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے یحیٰی خان، ضیاالحق اور پرویز مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا اور آج بھی اس کٹھ پتلی حکومت کی مخالفت کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب آپ کے پاس دلائل نہیں ہوتے، کوئی کیس نہیں ہوتا تو گالی، بدسلوکی اور طاقت پر انحصار کرنا پڑتا ہے اور آج یہ دونوں چیزیں دیکھی گئیں کہ کس طرح سپریم کورٹ کے وکلا کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس نے بدتمیزی کی گئی اور کس طرح نیب کے وکیل اپنے ساتھی وکیل کو گالی دے رہے تھے۔