All posts by Faisal Khan

مساجد اور مزارات میں فلم اور ڈرامے کی شوٹنگ پر پابندی عائد

لاہور ویب ڈیسک : محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے مساجد اور مزارات میں فلم اور ڈرامے کی شوٹنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس ضمن میں محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ اوقاف کے زیرسرپرستی مزارات اور مساجد میں کسی بھی خاتون پر کوئی بھی سین عکسبند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد یا مزارات پر کوئی سین عکسبند کیا گیا تو متعلقہ مینیجر اور زونل ایڈمنسٹریٹر ذمہ دار ہوگا۔

اس کے علاوہ مسجد یا مزار پر کسی دستاویزی فلم کی اجازت شعبہ مذہبی امور کی مشاورت سے مشروط ہوگی۔ یاد رہے کہ  544 مزارات اور 437 مساجد محکمہ اوقاف کے زیر انتظام ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی جانب سے لاہور کی وزیرخان مسجد میں میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑاہوگیا تھااور لوگوں نے مسجد کا تقدس پامال کرنے پردونوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔ بعد ازاں صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد میں ویڈیوریکارڈ کرنے پر معافی مانگ لی تھی۔

پنوعاقل: ذہنی مریض نے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کو قتل کر دیا

پنوعاقلل: (ویب ڈیسک ) پنوعاقل میں ذہنی مریض نے اپنی بھابی اور بھتیجوں سمیت گھر کے 11 افراد کو قتل کر دیا۔ مرنے والوں میں 6 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے کینٹ تھانے کی حدود میں ذہنی مریض عبدالوہاب انڈھڑ نے اپنے گھر کے 11 افراد جن میں 6 خواتین اور5 بچے شامل ہیں کو اس وقت تیز دھار آلے سے قتل کر دیا جب وہ سورہے تھے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا اور مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال روانہ کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولین میں ملزم کی بھابھی، بھتیجیاں اور دیگر قریبی عزیز خواتین شامل ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ ایک ہی گھر میں 11 افراد کے قتل کی خبر پر علاقہ کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔

ایپل نے چینی ایپ اسٹور سے 47 ہزار سے زائد ایپس ختم کردیں

ویب ڈیسک : ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں اپنے ایپ اسٹور سے ہزاروں گیمز ہٹا دیں ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث ایپل نے چینی ایپ اسٹور سے 47 ہزار سے زائد ایپس ختم کر دی ہیں۔

چین میں غیر ملکی ایپ اسٹورز چلانے کے لیے چینی اشتراک ضروری ہے لیکن ایپل واحد کمپنی ہے جو اپنے آئی فون میں ایپ اسٹور خود مینیج کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایپل نے اپنی پالیسیز میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت چین میں ایپ اسٹور میں سے ان گیمز کو ہٹایا گیا ہے جنہیں کھیلنے کے لیے پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے یا انہیں آن لائن کھیلا جاتا ہے۔

 گزشتہ ماہ ایپل نے تقریباً  4 ہزار سے زائد  گیمز ہٹائے تھے جبکہ حال ہی میں صرف 2 دنوں میں ایپل نے  3  ہزار سے زائد   گیمز کو ہٹایا گیا ہے ۔

نئے ضوابط کے تحت گیم ڈویلپرز کو چین کے ایپل ایپ اسٹور میں اپنے ایپس کو اپ لوڈ کرنے سے پہلے چینی  حکام  سے منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے مطابق ، چین ایپل کی سب سے بڑی ایپ اسٹور مارکیٹ ہے ، جس میں سالانہ 16.4 بلین ڈالر کی فروخت ہوتی ہےجبکہ  امریکہ میں ،ایک سال میں 15.4 بلین ڈالر ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ایپلیکیشنز ٹک ٹاک اور وی چیٹ سے تجارتی لین دین پر پابندی عائد کی ہے۔

 امریکی صدر نے چینی ایپلیکیشنز پر پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان کورونا وائرس اور ہانگ کانگ میں متنازع قانون کو لے کر تعلقات کشیدہ ہیں۔

حکومت نے پی سی بی سے ’’حساب کتاب‘‘ مانگ لیا

قائمہ کمیٹی نے چیئرمین کو31 اگست کو بلا لیا ،مالی و دیگر تفصیلات طلب،احسان مانی ستمبر کے اوائل ، وسیم خان رواں ہفتے انگلینڈ سے واپس آئیںگے:پی سی بی ترجمان

لاہور ویب ڈیسک :  وفاقی حکومت نے پی سی بی کا مالی آڈٹ شروع کرا دیا تاہم اس سے قبل جب آڈیٹر جنرل نے پی ایس ایل ون اور ٹو کا آڈٹ کیا تو سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کردی تھی۔ حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی آڈٹ کا سلسلہ شروع کرا دیا گیا، گذشتہ کئی روز سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے قذافی سٹیڈیم میں واقع ہیڈ کوارٹر میں یہ کام جاری ہے،اس سے قبل پی ایس ایل کے ابتدائی 2 ایڈیشنز کا بھی آڈٹ کیا گیا جس میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیاں پائی گئی تھیں۔پی سی بی ترجمان نے آڈٹ جاری ہونے کی تصدیق کردی، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل ون اور ٹو کے آڈٹ میں جو سوالات اٹھائے گئے ان کے جوابات آڈیٹر کو بھیج دیے گئے تھے۔

دوسری جانب پی سی بی اوربعض حکومتی شخصیات کے تعلقات بھی ان دنوں اچھے نہیں چل رہے، گذشتہ دنوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بعض اراکین کی جانب سے چند سوالات بھیجے گئے تھے، کرکٹ بورڈ حکام نے اس پر لکھا کہ وہ ان کو جوابدہ نہیں ہیں۔

رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے بتایا کہ معاملہ استحقاق کمیٹی میں گیا جس نے پی سی بی حکام کوچند روز قبل طلب کیا، میٹنگ میں سی او او سلمان نصیر کو باور کرا دیا گیا کہ ارکان اسمبلی و سینیٹ کو ان سے پوچھ گچھ کا مکمل حق حاصل ہے۔ دریں اثنا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے چیئرمین پی سی بی کو31 اگست کو طلب کر لیا، ان سے تین سالہ آمدنی اور اخراجات، اپنی مراعات اور الاؤنسز، بورڈ میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد اور مراعات کی تفصیل پوچھی گئی ہیں،احسان مانی کو متعلقہ افسران اور ریکارڈ سمیت میٹنگ میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین تقریباً 2 جبکہ وسیم خان ایک ماہ سے انگلینڈ میں چھٹیاں گذار رہے ہیں، پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ احسان مانی ستمبر کے اوائل جبکہ سی ای او رواں ہفتے واپس آئیں گے۔

بل گیٹس کی کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایک اور جان لیوا خطرے کی نشاندہی

ویب ڈیسک : شارک مچھلی کا نظارہ دہشت زدہ کردینے والا ہوتا ہے خاص طور پر اگر وہ منہ کھولے آپ کی جانب بڑھ رہے ہو مگر دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو ایک بظاہر معمولی اور چھوٹا سے کیڑے کی دید خوفزدہ کردیتی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی دنیا کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ اگرچہ کورونا وائرس کی وبا ہر جگہ پھیل رہی ہے مگر مچھر اب بھی سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث بننے والا جاندار ہے۔

17 اگست کو اپنے گیٹس بلاگ میں بل گیٹس نے مچھروں کا ہفتہ منانے کا اعلان کیا جس کے دوران مختلف ویڈیوز اور مضامین کے ذریعے اس کیڑے کی ہلاکت خیزی کو واضح کیا جائے گا۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ہر رات یہ ننھے کیڑے لاکھوں افراد کو ملیریا سے متاثر کرتے ہیں جو ایسا مرض ہے جس سے ہر دوسرے منٹ میں ایک بچہ ہلاک ہورہا ہے۔

بل گیٹس نے کہا ‘مچھر سماجی دوری کی مشق نہیں کرتے، وہ ماسک نہیں بھی نہیں پہنتے، اس وقت جب کووڈ 19 دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، تو یاد دہانی ضروری ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا قاتل جاندار اس وبا کے دوران آرام نہیں کررہا’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملیریا سے زیادہ تر ہلاکتیں دنیا کے غریب ترین ممالک میں ہوتی ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں ملیریا کی روک تھام اور علاج کی سہولیات بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں نمایاں اضافے کا خطرہ ہے۔

فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر ینگے :عمران خان

ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا تو ہمیں کشمیر سے بھی دستبردار ہو جانا چاہیے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو حقوق ملنے تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضمیر اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا، فلسطین کی صورتحال مقبوضہ کشمیر جیسی ہے، اسرائیل کو تسلیم کیا تو ہمیں کشمیر سے بھی دستبردار ہو جانا چاہیے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے خراب تعلقات کی خبریں بے بنیاد ہیں، سعودی عرب کی اپنی خارجہ پالیسی جب کہ پاکستان کا اپنا مؤقف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شراب لائسنس کے اجراء کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پنجاب کے چیف ایگزیکیٹو کو بلایا گیا، شراب کے لائسنس کا الزام مذاق ہے، ایکسائز کو بلانا چاہیے تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار پر لگے ایک ایک الزام کو آئی بی سے چیک کراتا ہوں، عثمان بزدار پہلی بار وزیر اعلیٰ بنے ہیں اور وہ سیکھ رہے ہیں۔

چینی بحران پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی بحران میں جہانگیر ترین کا نام آنے پر دکھ ہے، لیکن شریفوں اور زرداریوں سمیت کئی سیاستدانوں کی شوگر ملز ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے تنقید پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اکٹھی ہو گئی ہے اور حکومت کو گِرانے کی کوشش کر رہی ہے، یہ جتنا مرضی بلیک میل کریں، انھیں نہیں چھوڑوں گا۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی سے متعلق اہم فیصلے کرنے والے ہیں

کورونا سے ہلاکتوں میں بھارت دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا

ویب ڈیسک : بھارت میں ایک دن میں کورونا کے 64 ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے جب کہ وہاں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر روزانہ سب سے زیادہ ہلاکتیں سامنے آرہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں گزشتہ 15 روز سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور گزشتہ روز ایک دن میں ریکارڈ 64500 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 1092 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس سے بھارت میں کورونا کیسز کی کل تعداد 27 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ہلاکتیں 52 ہزار 800 سے زیادہ ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت میں اب تک کورونا وائرس سے 20 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جو کل کیسز کا 73 فیصد ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ منگل کے روز بھارت میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ 876 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ دوسرے نمبر پر امریکا میں 654 اور برازیل میں 620 ہلاکتیں ہوئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں 30 جنوری کو کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد 200 روز میں 26 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے ، 19 مئی تک ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے جو جولائی میں 6 لاکھ تک جا پہنچے جب کہ 31 جولائی تک کیسز کی تعداد 16 لاکھ تک جا پہنچی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے بھارت میں روزانہ دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہورہی ہیں اور اوسطاً بھارت میں 15 اگست سے روزانہ 948 ہلاکتیں ہورہی ہیں جب کہ اس دوران برازیل میں روزانہ 1008 اور امریکا میں 965 ہلاکتیں ہوئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے 39 فیصد مہارشٹرا، 11 فیصد تامل ناڈو اور 5.5 فیصد گجرات میں ہوئی ہیں۔

اپوزیشن نے پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال کو تباہ کن قرار دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 2 سال مکمل کرلیے ہیں اور اس دوران ملک میں مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے 2 سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا دو سالہ دور بلا امتیاز تباہی رہا، خارجہ پالیسی سے لے کر معیشت تک حکمرانوں کی بدانتظامی نے عوام کی پریشانیوں میں کئی گنا اضافہ کیا، عوام سیاسی انجینئرنگ کے اس ناکام تجربے کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں جی ڈی پی 5.8 فیصد تھی لیکن 2020 میں جی ڈی پی منفی 0.45 فیصد ہونے سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں اور اس سے کہیں زیادہ غربت کے جہنم میں جاچکے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ چینی، گندم اور ادویات کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں، فی کس آمدنی میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دو سالوں میں عمران خان نے تاریخ کی بدترین معیشت دی، کشمیر سے سعودی عرب تک خارجہ پالیسی ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں، بے روزگاری بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور عمران خان کے دو برس کے اقتدار میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پہلے سے زیادہ کرپشن ہوئی۔

انسداد دہشت گردی ترمیمی بل سینیٹ سے بھی منظور

اسلام آباد: سینیٹ میں مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے اراکین کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ’بین الاقوامی دباؤ پر جلد بازی میں قانون سازی کرنے‘ پر احتجاج اور ملک کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کو ان اہم قانون سازیوں میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنا یا گیا۔

چانچہ سینیٹ اجلاس میں پیر کےروز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق 5 میں سے ایک بل ہی منظور ہوسکا۔

جعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف)، جماعت اسلامی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹرز کے شدید احتجاج اور مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور انسداد منشیات کو پرائیویٹ اراکین کے دن پر ضمنی ایجنڈے کے ذریعے ان بلز پر رپورٹ پیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے بلز کی منظوری منگل (آج) تک ملتوی کردی تھی۔

 سینیٹ نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے شور شرابے کے دوران انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2020 منظور کیا جبکہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ٹرسٹ بل اور نشہ آور اشیا کی روک تھام (ترمیمی بل) کی منظوری روک دی گئی۔

علاوہ ازیں 2 دیگر بلز لمیٹڈ لائبلیٹیز پارٹنرشپ (ترمیمی) بل 2020 اور کمپنیز (ترمیمی) بل 2020 ایوان بالا میں پیش نہیں کیا جاسکا کیوں کہ کمیٹی برائے خزانہ نے انہیں اجلاس میں سیکریٹری خزانہ کی عدم موجودگی پر منظور نہیں کیا تھا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ ایک جانب حکومت ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون منظور کروانے کی جلدی میں ہے اور دوسری جانب سیکریٹری خزانہ کے پاس اس قانون سازی سے متعلق کمیٹی اجلاس میں شرکت کا وقت نہیں۔

فاروق ایچ نائیک جو کہ کمیٹی برائے داخلہ کے رکن بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی بل اور منشیات کی روک تھام کے بل کو بہتر بنانے کے لیے کچھ تجاویز دی تھیں اور وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی نے تحریری ضمانت دی تھی کہ ترامیم قانون کی منظوری کے 30 روز بعد اس کا حصہ بن جائیں گی۔

واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر پورا اترنے کے لیے حکومت کی جانب سے ایوان میں پیش کردہ پانچوں بلز قومی اسمبلی سے پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں۔

تاہم جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ وہ بند آنکھوں سے ان قوانین کی تائید نہیں کرسکتے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت سے قانون سازی کے لیے کسی سطح پر بھی مشاورت نہیں کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی خوشقسمت ہے کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) بھی انہیں جلد بازی میں بل منظور کروانے کے لیے تعاون فراہم کررہی ہیں۔

دوسری جانب پی کے میپ کے عثمان کاکڑ نے چیئرمین سینیٹ اور حکومت سے بل مؤخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آج بل منظور کروانے کے لیے اس لیے اصرار کررہی ہے کہ وہ جانتی ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اس کی حمایت کے لیے موجود ہوں گی۔

دوسری جانب جے یو آئی ایف کے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عطااللہ رحمٰن نے حکومت کو ’جلد بازی میں قانون سازی‘ کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پارلیمان کو بلڈوز کرنے کا الزام عائد کیا۔

علاوہ ازیں سینیٹ اجلاس میں کسی بھی قانون سازی کو ایوان میں پیش کیے جانے سے قبل اپوزیشن نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، ان کے وکلا اور پارٹی ورکر کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی پر پی پی پی کی پارلیمانی رہنما شیری رحمٰن کی سربراہی ٹوکن واک آؤٹ کیا۔

تاہم سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے شیری رحمٰن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ چاہے کچھ بھی ہو احتساب کا عمل جاری رہے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن نیب قوانین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تو حکومت ان کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہے۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی ترقی

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے۔

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے بعد جاری کی جانے والی درجہ بندی میں پہلی 4پوزیشنز پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ اسٹیون اسمتھ پہلے، ویرات کوہلی دوسرے، مارنس لبوشین تیسرے اور کین ولیم سن چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر چھٹے نمبر پر براجمان ہیں  ۔ اس کے علاوہ   بین اسٹوکس، چتیشور پجارا، جو روٹ اور اجنکیا رہانے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔

آئی سی سی  کی  نئی ٹیسٹ رینکگ میں پاکستان کے  محمد عباس دو درجے ترقی کے ساتھ بالرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ  پیٹ کمنز کی حکمرانی برقرار ہے، اسٹوارٹ براڈ  دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

نیل ویگنر تیسری پوزیشن پر موجود ہیں، اس کے بعد ٹاپ 10 بولرز میں ٹم ساؤدی، جیسن ہولڈر، کاگیسو ربادا، مچل سٹارٹ، محمد عباس، جسپریت بمرا اور ٹرینٹ بولٹ کے نام شامل ہیں۔