All posts by Faisal Khan

تنقید کی پرواہ کئے بغیرعوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے، عثمان بزدار

لاہور : وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مخالفین کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی، مخالفین منفی سیاست سے ترقی و خوشحالی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سابق حکومتوں کی خرابیوں کو درست کررہے ہیں۔

الحمداللہ ہمارا دامن صاف ہے، غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دیں گے، دو سال میں کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہ آنا پی ٹی آئی حکومت کا کریڈٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنقید کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور الزامات کی منفی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ واویلا مچانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، منظم پروپیگنڈے کا جواب کارکردگی سے دیں گے۔

صدارتی انتخاب: ٹرمپ کے مقابلے میں ڈیموکریٹس کا جوبائیڈن کو کھڑا کرنیکا اعلان

امریکا کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کو  اپنا باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کا 4 روزہ کنونشن جاری ہے جس میں تمام امریکی ریاستوں سے پارٹی قیادت شریک ہے تاہم یہ اجلاس کورونا کی وجہ سے آن لائن ہورہا ہے۔

17 سے 20 اگست تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوسرے روز سابق نائب صدر جوبائیڈن کو پارٹی کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا گیا۔

سابق امریکی صدور جمی کارٹر، بل کلنٹن اور سابق وزیر خارجہ کولن پاؤل نے جوبائیڈن کی نامزدگی کی حمایت کی۔

77 سالہ جوبائیڈن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی تیسری کوشش میں کامیاب ہوسکے ہیں، اس سے قبل 1988 اور 2008 میں بھی وہ صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل تھے تاہم ناکام ہوگئے تھے۔

ڈیموکریٹک امیدوار امریکی صدر اوباما کے ساتھ 2009 سے 2016 تک بطور نائب صدر کام کرچکے ہیں۔

جوبائیڈن کی نامزدگی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

جوبائیڈن کا تعلق امریکی ریاست ڈیلاویئر سے ہے اور وہ طویل عرصہ سینیٹ کے رکن رہے ہیں۔

فلسطین سے امن معاہدے کے بغیر اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی گنجائش نہیں، سعودی عرب

سعودی عرب نے کہا کہ وہ اس وقت تک متحدہ عرب امارات کی تقلید میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کرسکتا جب تک یہودی ریاست فلسطینیوں کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط نہ کردیں۔

خبررساں ادارے ‘اےایف پی’ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے برلن کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے بین الاقوامی معاہدوں کی بنیاد پر ‘فلسطینیوں کے ساتھ امن حاصل کرنا ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ اس کے حصول کے بعد تمام چیزیں ممکن ہیں۔

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے نتیجے میں اسرائیل مغربی کنارے کے حصوں کے الحاق کو مؤخر کرنے پر راضی ہوا ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو یہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ یہ منصوبہ اب بھی موجود ہے۔

یو اے ای اور اسرائیل کے معاہدے پر خلیج تعاون ممالک (جی سی سی) میں سے بحرین اور عمان نے اس کا خیر مقدم کیا تھا۔

اب تک عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت سعودی عرب یو اے ای اور اسرائیل کے مابین معاہدے پر خاموش تھی لیکن مقامی عہدیداروں کے مطابق امریکی دباؤ کے باوجود ریاض اپنے اہم علاقائی اتحادی (یو اے ای) کے نقش قدم پر چلنے کا امکان ظاہر نہیں کیا۔

اپنے جرمن ہم منصب ہیکو ماس کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیل کی مغربی کنارے میں وابستگی اور بستیوں کی تعمیر کی ‘یکطرفہ پالیسیوں’ پر تنقید کی جو دو ریاستوں کے حل کے لیے ‘ناجائز’ اور ‘نقصان دہ’ ہے۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے نتیجے میں اسرائیل مغربی کنارے کے حصوں کے الحاق کو مؤخر کرنے پر راضی ہوا ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو یہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ یہ منصوبہ اب بھی موجود ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے 2002 میں ‘عرب امن اقدامات’ کی سرپرستی کی تھی لیکن اب ریاض نے فلسطینی امن معاہدے کے بغیر اسرائیل کے سفارتی تعلقات کی گنجائش نہیں ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے سربراہ یوسی کوہن نے سیکیورٹی سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔

یوسی کوہن نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان کے ساتھ ‘سلامتی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے’ اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد امریکا نے مسلم دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جیرڈ کشنر نے کہا تھا کہ یہ سعودی عرب کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے، جیسا کہ متحدہ عرب امارات نے کیا ہے۔

چیئرمین نیب کو سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے طلب کرلیا

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بطور سربراہ لاپتہ افراد کمیشن سینیٹ کی انسانی حقوق فنکشنل کمیٹی میں طلب کرلیا گیا تاہم انہون نے فی الحال پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔

‎جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سینیٹ کمیٹی کے نوٹس کا جواب بھیج دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتا ہوں اور سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہونا اعزاز ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کل میں آنکھوں کے آپریشن کا امکان ہے تو آنکھوں کے آپریشن کے بعد ایک ہفتہ آرام کرنا ہوگا، ‎ممکنہ آپریشن کے بعد ڈاکٹر ایک ہفتے تک پڑھنے لکھنے سے منع کرسکتے ہیں۔

لاپتہ افراد کے کمیشن کے سربراہ نے کمیٹی سے درخواست کی کہ کمیٹی 21 اگست کا اجلاس منسوخ کرے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ‎جاوید اقبال کے صحت یاب ہونے پراجلاس دوبارہ بلایا جائے گا۔

قبل ازیں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے جسٹس(ر)جاوید اقبال کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

چیئرمین مسنگ پرسنز کمیشن جسٹس (ر) جاوید اقبال 17 اگست کو سینیٹ کمیٹی میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

نوجوانوں کو ہروہ سہولت دیں گے جس سے وہ روزگار کےمواقع حاصل کریں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معیشت اوپر اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہوگا، نوجوانوں کو ہر وہ سہولت دیں گے جس سے وہ روزگار کے مواقع حاصل کریں۔

اسلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ  اور  معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد وشمار پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے 53 ارب روپے سے زائد رقم کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں اور اب تک ایک ارب روپے کی رقم نوجوانوں میں تقسیم کی جاچکی ہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار پہلے سے وسیع کر دیا گیا ہے،نوجوانوں کے لیے آسان شرائط پر رقم کے حصول کا شاندار موقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پروگرام میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم نےکامیاب جوان پروگرام کے دوران رقم کی تقسیم کے عمل پر مکمل نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور میرٹ پر کسی سطح پر بھی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ معیشت اوپر اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہوگا، رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے مزیدکہا کہ کورونا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کے لیے یہ پروگرام بہت ضروری ہے، نوجوانوں کو ہر وہ سہولت دیں گے جس سے وہ روزگار کے مواقع حاصل کریں۔

وفاق اور سندھ کے درمیان رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق

وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان مختلف منصوبوں پر تعاون کرنے کے لیے ایک کوآرڈینیشن (رابطہ) کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے میڈیا کنسلٹنٹ (ترجمان) عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ سندھ کے وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ ملاقات میں اسد عمر کے ہمراہ وفاقی وزیر علی زیدی اور امین الحق شریک ہوئے جبکہ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) جنرل محمد افضل بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاق اور سندھ کے درمیان رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، مذکورہ کمیٹی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کمیٹی میں وفاقی وزرا علی زیدی اور امین الحق بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان رابطہ کمیٹی، وفاقی حکومت کی سندھ بھر میں منصوبے کے حوالے ضروری رابطے کرے گی۔

یہاں یہ واضح رہے کہ اس رابطہ کمیٹی میں سندھ بالخصوص کراچی کی وہ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں شامل ہیں، جن کے اتفاق کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ وفاقی وزیر علی زیدی پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ وفاقی وزیر امین الحق کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ہے۔

اگر ان تینوں جماعتوں کی بات کریں تو کراچی سے 14 نشستیں جیتنے والی تحریک انصاف اس وقت وفاقی حکومت میں ہے جبکہ سندھ کی حکومت پیپلز پارٹی کے پاس ہے جبکہ کراچی کے بلدیاتی نمائندے اور میئر متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شہر کی 3 بڑی اسٹیک ہولڈر جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان اتحاد پر اتفاق ہوگیا اور ایک رابطہ کمیٹی بنائی گئی ہے۔

تاہم 18 اگست کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان کراچی کے بارے میں مل کر کام کرنے کے حوالے سے اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف مذاکرات ہوئے ہیں، کسی قسم کا معاہدہ نہیں ہوا، ہم صرف ایک بات کہتے ہیں کہ ہم آئین اور قانون کے حساب سے کام کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا تھا کہ سندھ حکومت کے آئین میں موجود ایگزیکٹو اختیارات کسی کے ساتھ شیئر نہیں ہوں گے اور کسی کے دماغ میں یہ خناس یا فتور ہے تو وہ نکال دے۔

یاد رہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت مختلف مسائل کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں نالوں اور علاقوں کی صفائی نہ ہونے کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی۔

تاہم کراچی کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے اتفاق کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی تھیں جب گزشتہ ہفتے ہی سپریم کورٹ نے کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے شہریوں کی مدد کے لیے وفاقی کے آنے کو سندھ حکومت کی ناکامی قرار دیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ ایک طویل عرصے سے کراچی کے معاملات پر یہ تینوں جماعتیں ایک دوسرے پر شہر کے لیے کچھ نہ کرنے کا الزام لگاتی آرہی تھیں۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران ہی وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل برائے پاکستان خالد جاوید خان نے کہا تھا کہ انہوں نے کراچی کے مختلف شہری اور دیگر مسائل پر وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے اور وفاقی حکومت کا صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کا کوئی ادارہ نہیں۔

شریف فیملی کے چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان نے منی لانڈرنگ کا اعتراف کرلیا: نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف فیملی کے چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان سے اب تک ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق ملزم محمد عثمان نے شہباز شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ کی، ملزم محمد عثمان نے 2005 میں رمضان شوگر مل میں 90 ہزار ماہانہ پر نوکری شروع کی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2006 میں نواز شریف فیملی نے شہباز شریف فیملی سے حدیبیہ انجینئرنگ مل لے لی، پھر 2007 میں شہباز شریف فیملی نے اپنے بزنس کو بڑھانے کے لیے شریف فیڈ مل سمیت دیگر کمپنیاں بنائیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی کمپنیز بنانے کے لیے محمد عثمان سے فنڈز سے متعلق سوالات کیے گئے جس پر محمد عثمان نے بتایا کہ نئی کمپنیز کے لیے غیر ملکی ترسیلات اور قرضہ جات کے ذرائع بنائے گئے، غیر ملکی ترسیلات اور قرضہ جات کے لیے نصرت شہباز اور ان کے بیٹوں کے بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے اور 2007 سے قبل غیر ملکی ترسیلات کو حمزہ شہباز مینج کرتے تھے۔

نیب رپورٹ کے مطابق محمد عثمان سے شہباز شریف کے لیے منی لانڈرنگ سے متعلق سوالات بھی کیے گئے جس پر محمد عثمان نے بیان دیا ہے کہ سب کچھ سلیمان شہباز کے کہنے پر کرتا تھا، سلیمان شہباز کے کہنے پر وقار ٹریڈنگ کمپنی نے 600 ملین کی جعلی غیر ملکی ترسیلات کیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ساری رقم چیک کے ذریعے سلیمان شہباز کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تاہم محمد عثمان نے بیان دیا کہ سلیمان شہباز کے پاس پیسہ کہاں سے آتا ہے، اس کا انہیں معلوم نہیں۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق ملزم محمد عثمان سے تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 3 اگست کو نیب نے شریف گروپ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) محمد عثمان کو گرفتار کیا تھا اور وہ نیب کی حراست میں ہیں۔

وہیں نیب نے  سے 7 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس نیب عدالت کے ایڈمن جج کی عدالت میں دائر کیا ہے۔ منی لانڈرنگ ریفرنس 55 جِلدوں پر مشتمل ہے جس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حمزہ شہباز، رابعہ، نصرت شہباز اور نثار احمد سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں۔

لاہور سے گرفتار دہشتگرد کے دورانِ تفتیش انکشافات

لاہور سے گزشتہ روزگرفتار کیے گئے دہشتگرد نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

محکمہ انسداد دہشتگردی نے منگل کے روز لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب سے کالعدم تنظیم کے ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا تھا جو اپنے خودکش حملہ آور ساتھی کا انتظار کررہا تھا۔

جیونیوز کے مطابق دہشتگرد کی شناخت لیاقت کے نام سے ہوئی ہے اور اس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ایک روز قبل ہی مہمند ضلع سے لاہور پہنچا تھا اور اس نے منگل صبح 8 بجے پولیس لائنز میں دھماکا کرنا تھا۔

دہشتگرد نے بتایاکہ وہ ریلوے  اسٹیشن پرخود کش بمبار لڑکے کا انتظار کر رہا تھاکہ پکڑا گیا، اس نے پولیس لائنز میں حملے کا منصوبہ چند روز قبل بنایا گیا تھا۔

دہشتگرد نے مزید بتایا کہ خود کش بمبارکی عمر 17 سال ہے اور وہ افغانستان کا شہری ہے۔

حکومت نے تیل دریافت کرنے کا وعدہ کیا لیکن عوام کا تیل نکال دیا: مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے 2 سال میں ملک میں تباہی مچا دی، انہوں نے تیل دریافت کرنے کا وعدہ کیا لیکن عوام کا تیل نکال دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 برس میں پی ٹی آئی حکومت نے تباہی کی، عام آدمی اور صنعت کار کا نقصان ہوا ہے فائدہ صرف مافیا کا ہوا ہے جو وزیر اعظم کے آس پاس بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں آٹے کی قیمت میں 29 فیصد، چینی کی قیمت میں 78 فیصد، مرغی کی قیمت میں 70 فیصد  جب کہ پکوان تیل کی قیمت میں 35 فیصد اور دالوں کی قیمت میں 112 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ بڑی بڑی باتیں کرتے تھے کہ ہم آئیں گے اور سونامی والا انقلاب آئے گا، گردشی قرض 2.2 کھرب روپے پر پہنچ چکا ہے، دو سال میں 1.2 کھرب گردشی قرض میں اضافہ ہوا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں قرض نہیں لوں گا لیکن 24.2 کھرب سے 34.4 کھرب پر پہنچا دیا جب کہ 2 سال میں ملک میں کوئی میگا پروجیکٹس بھی نہیں بنے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کیا دو سال میں ان کا کوئی میگا منصوبہ شروع ہوکر ختم ہوا ہے؟ 10 کھرب قرض لینے کے بعد 162 ارب روپے کراچی کو نہیں ملے، کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا لیکن 10.4 کھرب کا قرض انھوں نے لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دور میں کسی پرائیویٹ بندے کو چیئرمین ایف بی آر نہیں لگا سکتے تھے، 2018 میں ایف بی آر کی ریونیو کلیکشن 3.84 کھرب روپے تھی، 2019 میں فرشتے تھے تو ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہونا چاہیے تھا لیکن ٹیکس محصولات کم ہوکر 3.9 کھرب ہوئے جب کہ سندھ ریونیو بورڈ بنا تو کلیکشن 9 ارب تھی جو اب بڑھ کر 105 ارب ہے۔

‘عمران خان نے کرپشن ختم کی ، وہ نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے’

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ جتنی بھی اچھی خبریں آرہی ہیں ، اپوزیشن کےلیے بری خبریں ہیں۔

حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن مایوسی اور افراتفری پھیلانے کا کام کر رہی ہے، مشکلات سے نکل آئے ہیں ،خوشحالی کا دور شروع ہو چکا ہے۔

وزرات مواصلات میں سادگی مہم پر عمل پیرا ہو ئے اور 75 کروڑ روپے کی بچت کی، مراد سعید

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزارت مواصلات میں 12 ارب 56 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزرات مواصلات میں سادگی مہم پر عمل پیرا ہو ئے اور 75 کروڑ روپے کی بچت کی، ہم نے الیکٹرانک بڈنگ اور ای بلنگ کا آغاز کیا۔

مراد سعید نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا ریونیو 53 ارب سے بڑھ کر 103 ارب روپے پر چلا گیا ہے،  کراچی ، کوئٹہ اور چمن شاہراہ کی فزیبلیٹی پر کام شروع ہو چکاہے۔

انہوں نے کہا کہ  گزشتہ حکومت کا آخری دو سال میں کوئی پبلک پرائیویٹ منصوبہ نہ تھا،  ای کامرس کے آغاز کے لیے 1500 چھوٹے بڑے برانڈز سے معاہدہ کیا،پوسٹل سروسز پر عوام کا اعتماد بڑھا ، ارجنٹ سروس شروع کی گئی، پوسٹل سروسز کا ریونیو 10 ارب روپے سے بڑھ کر 18 ارب ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کے رسپانس ٹائم کو 7 منٹ سے کم کر کے 2 منٹ پر لا رہے ہیں۔

عمران خان نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے ، فواد چوہدری

اس موقع پر  وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن ختم کی ، عمران خان نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے ، یہاں بیٹھے وزراء پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان احتساب کویقینی بنانے کےلیے پرعزم ہیں، اس وقت ہم ماہانہ 250 وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں، ہم نے سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان میں سینیٹائزر کی قلت ہوگئی تھی، پاکستان جلد وینٹی لیٹرز برآمد کرنا شروع کر دے گا، ہم زرعی فارمز کو ٹیکنالوجی فراہم کریں گے، پاکستان رواں سال ڈائیلاسز مشین بھی بنانا شروع کرے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایک سال میں سرجیکل آلات کی برآمدات 2 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔