All posts by Faisal Khan

محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،یکم محرم کل جمعہ کو ہو گا

کراچی(ویب ڈیسک ): چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نےاعلان کیا کہ محرم الحرام1442 ہجری کا چاند نظر آگیا،یکم محرم کل جمعہ کو ہو گا جبکہ یوم عاشورہ 30 اگست کو ہو گا۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں زونل کمیٹی اسلام آباد سمیت دوسری کمیٹیوں نے چاند کی رویت سے متعلق  آگاہ کیا۔اجلاس میں محرم الحرام1442 ہجری  کا چاند نظر آگیا،یکم محرم کل  جمعہ کو ہو گا جبکہ یوم عاشورہ 30 اگست کو ہو گا۔

نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو انتقال کرگئے

کوئٹہ(ویب ڈیسک ): نیشنل پارٹی کےرہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجو انتقال کرگئے۔

ترجمان نیشنل پارٹی جان بلیدی کے مطابق میرحاصل بزنجو  وفاقی وزیر بھِی رہے ہیں اور وہ گذشتہ کچھ مہینوں سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔

جان بلیدی نے بتایا کہ  حاصل خان بزنجو کو آج طبیعت کی خرابی کےباعث نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کو کل خضدار میں سپرد خاک کیا جائے گا، میت خضدار میں ان کے آبائی گاؤں نال لے جائی جائے گی، نماز جنازہ کل شام 5 بجے نال میں ہی ادا کی جائے گی۔

ترجمان نیشنل پارٹی کے مطابق حاصل بزنجو کی میت کل صبح کراچی سے لے کرروانہ ہوں گے،  میر حاصل بزنجو کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، دونوں اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ میر حاصل خان بزنجو گزشتہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کے چیئرمین سینیٹ کیلئے متفقہ امیدوار تھے تاہم ان کے مقابلے میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیاسی رہنماؤں کی تعزیت

ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے سینیٹر میرحاصل خان بزنجو کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرحاصل خان بزنجو نظریاتی اورپاکستان سےمحبت کرنے والے رہنما تھے۔

شہباز شریف  نے کہا کہ میرحاصل خان بزنجو کی وفات جمہوریت اورملک و قوم کیلئےبہت بڑا نقصان ہے، وہ بلوچستان کےعوام کی ایک مقبول اور توانا آواز تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُر نہیں کیا جاسکتا۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کا انتقال شمع کا بجھنا نہیں ہے، حاصل بزنجو نے ہزاروں شمعیں روشن کیں، حاصل بزنجو ایک شخصیت کا نہیں ایک دور کا نام ہے۔

شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو صرف بلوچستان میں نہیں پورے ملک میں قدآورشخص تھے، ان  کے بغیر ملک کی سیاست نامکمل ہے، حاصل بزنجو نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

رضا ربانی نے کہا کہ حاصل بزنجو کی پوری زندگی صوبائی خودمختاری کی جدوجہد میں گزری، حاصل بزنجو جیسا ایماندار سیاستدان پاکستان میں نہیں ہوگا۔

عبدالمالک بلوچ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ میر حاصل بزنجو ایک قوم پرست اور جمہوریت پسند انسان تھے، حاصل بزنجو کئی بار جمہوریت کی خاطر جیلوں میں گئے، حاصل بزنجو کی تمام تر زندگی جدوجہد میں گزری،وہ انتہائی ایماندار اور نڈر انسان تھے۔

انشا اللہ جلد کشمیر آزاد ہوگا، ہندوتوا کا نظریہ مزید نہیں چلے گا، صدر عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہمیں قوم کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے صرف ایک سال میں 50 ہزار اسکالر شپ دیں، کرونا وبا کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھے، محصولات بھی بڑھیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےکشمیرپراقوام متحدہ میں تقریرکی،عالمی سطح پرکشمیرکازکوبھرپوراندازمیں اٹھایاگیا، 5 اگست کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ انشااللہ جلدکشمیرآزادہوگا اورہندوتواکانظریہ مزیدنہیں چلےگا۔

صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمانی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پہلی مرتبہ پاکستان میں یکساں نظام تعلیم متعارف کرایاجارہاہے، احساس پروگرام کےذریعے1کروڑ69لاکھ افرادکومالی امداددی گئی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ دنیامیں پاکستان وہ واحدقوم ہےجس نےدہشت گردی کامقابلہ کیا،حکومت آئی توکرپشن کابازارگرم تھامعیشت تباہ تھی، قوموں کی زندگی میں مشکل حالات آتےہیں، کیاکرناچاہیےتھااورکیاکررہےہیں اس پراکثربحث ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نےنصیحتیں کرنےوالوں کوزبردست جواب دیاہے، بھارت میں انتہاپسندی جنم لےچکی ہے، بھارت میں گزشتہ روزکوروناکے70ہزارنئےمریض آئےہیں، ہم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کرونا کو بھی روکا اور لوگوں کا روزگار بھی چلنے دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کوروناوباآئی توڈرایاجارہاتھالوگ سڑکوں پرمریں گے،اسپتالوں میں جگہ نہیں ہوگی،کوروناوباکےدوران کہاجارہاتھامکمل لاک ڈاؤن کریں، کوروناوباکےدوران مریضوں کابھی اورغریبوں کابھی خیال رکھا، کرونا کی روک تھام میں کامیابی حاصل کی ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کےذریعےکوروناکوبھی روکااورلوگوں کاروزگاربھی چلنےدیا، موجودہ حکومت آئی توقرضوں کابوجھ اورمعیشت زوال پذیرتھی، پاکستان میں گزشتہ روزکوروناکے600نئےمریض آئےہیں، قوم نےبہترین اندازمیں کوروناکامقابلہ کیا،میڈیانےبھی کوروناکی روک تھام میں اہم کرداراداکیاہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم کےذہن کلیئرہوں تووژن بنتاہے، اللہ کی مددان لوگوں کوملتی ہےجوغریبوں کاخیال رکھتےہیں، کوروناسےمتعلق ہماری حکومت نےدنیاسےہٹ کراقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون بہت بڑاگیم چینجرہوگا،دیامیربھاشاڈیم پرکام جاری ہے، کامیاب جوان پروگرام بہت بڑاپروگرام ہےنوجوان مستفیدہوں گے، ملک کےمعاشی اشاریےبہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور  اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیرغور ہے اور نہ ہی پاکستان کا یہ ارادہ ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ایک سال ہوچکا ہے، کشمیریوں کی قربانیاں جدوجہد آزادی کو مزید مستحکم کررہی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبروتشدد سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی نہیں دباسکتا، پاکستان مقبوضہ میں جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کی ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، رواں سال قابض بھارتی افواج نے جعلی مقابلوں اور سرچ آپریشنز میں 200 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارت نے ایک سال سے کشمیریوں کو تمام بنیادی انسانی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے۔

زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، بھارتی حکومت ہندوتوا پالیسی پر گامزن ہے، بھارتی حکومت اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ کلبھوشن کے معاملے پرپاکستان بہتر انداز میں آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کرسکے، کلبھوشن پر بھارت 2 قونصلر رسائیاں حاصل کرچکا ہے اور ہم نے تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش بھی کر رکھی ہے، ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بیان بازی کے بجائے عدالتوں سے تعاون کرے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں اور پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان فلسطینیوں کے دو ریاستی حل کا حامی ہے، پاکستان القدس دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات تاریخی، مضبوط اور دیرپا ہیں،  وزیرخارجہ کے دورہ چین کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ آج وزیرخارجہ چین کے دورے پر گئے ہیں جس میں کورونا، باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بات ہوگی، وزیرخارجہ کا دورہ آزمودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

عمران حکومت کا تیسرا سال ترقی کا سال ہوگا: شیخ رشید

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے وفاقی حکومت کے تیسرے سال کو ترقی کا سال قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے 2 سال میں مسائل کا ازالہ کرنے کی کوشش کی اب تیسرا سال عمران خان کی حکومت کی ترقی کا سال ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار منتخب حکومت اور عسکری قیادت ایک لائن لینتھ اور ایک سوچ پر ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے بہت سارے لوگ نااہل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پہلے بھی نوازشریف کو مروایا اور اب بھی مریم نواز ہی ن لیگ کو مروائے گی، انہوں نے دیکھا کہ لندن جانے کی گنجائش نہیں تو پتھراؤ کیاگیا اور کہا گیا کہ میری گاڑی کو پتھر مارا گیا، اس ساری چیخ اور پکارسے حمزہ شہباز کا کیس سیریس دیکھ رہا ہوں۔

کراچی کے مسائل پر بات چیت ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو بھی اسی سال اپنی حد تک پورا کرنے جارہے ہیں، اس سلسلے میں خود بھی کراچی جارہا ہوں، اگر سندھ حکومت راستہ دے تو کے سی آر کا ٹریک تین چار ماہ میں بچھا دیں گے۔

اسرائیل سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور کوئی یہ جرات ہی نہیں کرسکتا کہ ریاست مدینہ جیسے پاکستان میں اسرائیل کی بات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور معاملات پاکستان کے معاملات ہیں ان پر حرف نہیں آسکتا۔

چیف جسٹس کی ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد  نے  ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے 4 ہفتے کی مہلت دیدی۔

ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریلوے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کراچی حیدرآباد برج کسی بھی وقت گر سکتا ہے،  دریائے سندھ پر  بھی کوئی ایسا پل نہیں جس پر قوم فخر کر سکے، صرف ایوب خان کے دور میں بننے والا ایوب برج واحد خوبصورت پل ہے، اس کے علاوہ کوٹری میں انگریز کا بنایا ہوا پل آج بھی درست حالت میں ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دریائے سندھ ملک کی معیشت چلاتا ہے اسے عزت دیں۔

اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے عدالت کو بتایا کہ کراچی میں ریلوے اسٹیشنز کی فینسنگ کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

دوران سماعت سیکرٹری ریلوے نے عدالت کو بتایا کہ ایم ایل ون میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پل بنائے جائیں گے جس کا پیکج ون 3 سال میں مکمل ہوگا۔

اس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ 3 سال بہت زیادہ ہیں، چین والے تو مہینوں میں ریلوے لائن بچھا دیتے ہیں اور 1800کلومیٹر کا ٹریک بچھانا چین کے لیے کوئی مشکل نہیں، فنڈز موجود ہیں تو منصوبہ مکمل ہونے میں وقت نہیں لگنا چاہیے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ یم ایل ون منصوبے کے لیے اچھے برج بنائے جائیں۔

سپریم کورٹ نے پلاننگ کمیشن کی درخواست پر  ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سندھ حکومت اور ریلوے حکام سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئےجب کہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

 راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

قصور، گجرات، ملکوال، منڈی بہاءالدین، اوکاڑہ، جہلم، حافظ آباد، چنیوٹ، مانسہرہ، شمالی وزیرستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ کل رات سے جاری ہے جہاں والٹن روڈ، بادامی باغ، گلبرگ اور مال روڈ کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے جب کہ پانی کے نکاس کے لیے واسا کا عملہ مصروف عمل ہے۔

جہلم شہر اور گردونواح میں ہونے والی بارشوں نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا پول کھول دیا اور چند گھنٹوں کی بارش سے شہر بھر کی تمام شاہراہیں نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اس کے علاوہ بارش کی بوند برستے ہی کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گزشتہ رات بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج بھی اسلام آباد ،پنجاب،خیبر پختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے  نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ  واسا اور انتظامیہ نکاس آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار  لائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور  نکاس آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جب کہ  ٹریفک رواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر چین روانہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے۔

وزیر خارجہ چین میں چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور چین میں ہونے والے “پاک چین اسٹریٹیجک مذاکرات” کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔

شاہ محمود پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جب کہ چینی وفد کی قیادت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے، ان مذاکرات میں پاک چین اقتصادی راہداری فیز ٹو سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا۔

چین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج میں ایک اہم دورے پر چین روانہ ہو رہا ہوں، دورے سے متعلق کل وزیراعظم سے تفصیلی گفتگو ہوئی، میرا وفد پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت کی سوچ کی عکاسی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ چینی وزیرخارجہ سے ملاقات دونوں ممالک کیلئے مفید ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاک چین اسٹریٹیجک مذاکرات کا پہلا دور مارچ میں منعقد ہوا تھا ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کرونا عالمی وبا کے بعد چین کا دورہ کرنے والی پہلی سیاسی شخصیت ہیں۔

توقع ہے سعودیہ، یواے ای اسرائیل معاہدے میں شامل ہو جائے گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فروخت زیر غور ہے۔

سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ سعودی عرب اسرائیل امارات معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جلد ہی کہیں گے کہ امریکا ایران کے خلاف معطل کی گئی سابقہ تمام پابندیوں کی بحالی چاہتا ہے۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ روس اور چین سمیت دیگر ممالک کی جانب سے امریکی اقدام کی شدید مخالفت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ ایران کی امریکا سمیت عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والی ایٹمی ڈیل کے بعد تہران کے خلاف پابندیاں معطل کی گئی تھیں۔

پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال مشکل تھے اب ترقی کی منزل نظر آ رہی ہے ،گورنر پنجاب چودھری سرورکی گورنر ہاﺅس میں عشائیے پر ایڈیٹر خبریں و سی ای او چینل۵ امتنان شاہد سے گفتگو

لاہور(ویب ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گورنر ہاﺅس میں دیئیے گئے عشایئہ کے دوران ایڈیٹر خبریں اور سی ای او چینل۵ امتنان شاہد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے 2 سال مشکل تھے اب پاکستان ترقی کی طے کرتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے ہم چاہتےہیں کہ میڈیا ہمارے اچھے کام بھی دکھائے۔