All posts by Faisal Khan

احسان مانی سمیت بورڈ کے کئی افسران دہری شہریت کے حامل

چیئرمین پی سی بی ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان، ڈائریکٹر ندیم خان اور ثقلین مشتاق کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے،بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلوی شہری

لاہور (ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی سمیت بورڈ کے کئی افسران دہری شہریت کے حامل ہیں۔ حکومت میں دوہری شہریت کے معاملے پر ہونے والی تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بھی دباؤ کا شکار ہے۔ اس وقت بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان، ڈائریکٹر ندیم خان اور ثقلین مشتاق کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے جب کہ بولنگ کوچ وقار یونس کے پاس آسٹریلیوی شہریت ہے۔

احسان مانی نے گورننگ بورڈ کا ہنگامی اجلاس آج شام ویڈیو لنک پر طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی ترجمان اجلاس کو غیر رسمی قرار دے رہے ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت کے معاملے پر پی سی بی حکام بورڈ آف گورنرز کو اعتماد میں لیں گے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نیب کو بہترین ادارہ قرار دے دیا

اسلام آباد ویب ڈیسک : ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے قومی ادارہ احتساب (نیب) کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف پاکستان کی جنگ میں نیب بہترین ادارہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے قومی ادارہ احتساب (نیب) کو ختم کرنے اور احتساب قانون میں ترامیم سے متعلق انتباہ کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف پاکستان کی جنگ میں نیب کو بہترین ادارہ قرار دیا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشل کا کہنا ہے کہ ترامیم سے پہلے پاکستان کے عالمی معاہدوں کو نظر میں رکھا جائے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے اداروں سے معاہدوں اور ایس ڈی جیز پر بھی عمل کرنا ہے۔

ادارے نے نیب کی حالیہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کی قیادت میں 466 ارب کی ریکوری کی گئی۔

ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انسداد رشوت ستانی کے یو این چارٹر پر دستخط کیے ہیں، چارٹر کے تحت صدر نے احتساب کے لیے نیب کو ذمہ داری دی ہے۔ چارٹر کے تحت پاکستان انسداد بدعنوانی کے لیے مسلسل مؤثر اقدامات کا پابند ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر کا کہنا ہے کہ اپنے قیام سے نیب نے انسداد بدعنوانی کے لیے اچھا کام کیا ہے، کرپشن سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوئی۔

سہیل مظفر کا مزید کہنا تھا کہ سنہ 2016 میں ٹرانسپیرنسی نے جنوبی ایشیائی ممالک کے اداروں کا موازنہ کیا، پاکستان کے دیگر وفاقی و صوبائی اداروں کے مقابلے میں نیب بہتر ہے۔

بھارت بحر ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے: پاکستان

ویب ڈیسک : ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت بحر ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کو آج 360دن ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ جاری رکھی ہوئی ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں نماز عید کی پابندی کی مذمت کرتا ہے، اقوام متحدہ بھارتی اقدام کا نوٹس لے یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت بحیرہ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے، بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہے، اور بھارت دنیا میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا امپورٹر بن گیا ہے لیکن پاکستان ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے رافیل طیاروں کی خریداری کی خبریں دیکھی ہیں، رافیل طیارے جدید سسٹم سے لیس ہیں۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ ہمارے فرانس سمیت دیگر ممالک سے دوطرفہ تعلقات ہیں، رافیل طیاروں کی بھارت کو فروخت کا معاملہ تاحال فرانس سے نہیں اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کی ہندوتوا ایجنڈے کی حکومت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی حکومت کے اقدامات اقلیتوں کے لیے بھی خطرناک ہیں۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کلبھوشن کو تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا۔

افغانستان امن عمل کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد کی آمد کے حوالے سے ابھی مصدقہ تاریخ کا علم نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان طالبان کے سیز فائر اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے، دوحہ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں، قیدیوں کے تبادلے سمیت دونوں اطراف کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔

گلوکار شہزاد رائے بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار شہزاد رائے بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، انہوں نے پرستاروں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے عید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل بھی کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزاد رائے نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو بتایا کہ کچھ روز قبل وہ اور ان کے خاندان کے افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے تاہم وہ خیریت سے ہیں۔

انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں کورونا وائرس سے بچتے ہوئے روزمرہ معمولات زندگی چلانے اور معاشرے کے دوسرے افراد کے ساتھ تعلقات نبھانے سے متعلق آگاہی دی گئی ہے۔

گلوکار نے اپنے مداحوں سے عید الاضحی بھی سادگی سے منانے کی اپیل کی، ان کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا اتنا ضروری ہے کہ یہ کورونا بیماری میں مبتلا ہونے سے نہ صرف آپ کو بچا سکتا ہے بلکہ آپ کے پیاروں کو بھی جو آپ کے ارد گرد بستے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات کو ایک سلوگن میں یوں سمویا، ’چہرے پہ ماسک، ہر پاکستانی کا ٹاسک‘۔

عید الاضحیٰ کے بعد دفاتر کے پرانے اوقات کار بحال

ویب ڈیسک : اسلام آباد، حکومت نے عید الاضحیٰ کے بعد دفاتر کے پرانے اوقات کار بحال کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے بعد سرکاری دفاتر صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکشن جاری کردیا ہے جوکہ تمام سرکاری اداروں کو ارسال بھی کر دیا گیا ہے۔

نیب کا زرداری اور نوازشریف کی گاڑیاں قبضے میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد ویب ڈٖیسک : نیب نے توشہ خانہ سے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں لینے پر کرپشن ریفرنس کے بعد آصف زرداری اور نوازشریف کی گاڑیاں قبضے میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب نے آصف زرداری کی 3 گاڑیوں کی ملکیت منجمد کردی ہے جب کہ نوازشریف کی توشہ خانہ سے لی جانے والی گاڑی کی ملکیت بھی منجمد کردی۔

احتساب عدالت نے نیب سے تمام گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو 5 اگست کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خان ریفرنس میں نوازشریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کررکھے ہیں جب کہ آصف زرداری کو بھی اشتہاری قرار دینے دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ن لیگ نے مجھے پارٹی میں شمولیت سمیت وزارت خارجہ کی آفر کی تھی، شاہ محمود قریشی

میں نے یہ آفر ٹھکرا دی تھی کیونکہ میں مستقبل کا فیصلہ صبر و تحمل سے لینا چاہتا تھا، پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ میں نے خود اپنی مرضی سے کیا تھا، وفاقی وزیر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک )ن لیگ نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی آفر کروائی تھی۔ نجی ٹی وی چینل میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ 2013 میں ن لیگ نے انہیں پارٹی میں شمولیت کی آفر کروائی تھی۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بھی کہا گیا تھا کہ آپ کو آئندہ الیکشن کے بعد وزیر خارجہ بنا دیا جائے گا۔وفاقی وزیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں نے اس آفر کو ٹھکرا دیا تھا، میں مستقبل کا فیصلہ صبر و تحمل سے لینا چاہتا تھا، پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ میں نے خود اپنی مرضی سے کیا تھا۔

بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے دل کی سنی ہے، اگر میں چاہتا تو 2013 میں شمولیت اختیار کر لیتا، اس وقت ن لیک کا طوطی بول رہا تھا، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ مجھے تحریک انصاف میں شامل ہونا تھا اور اب میرا فیصلہ درست ثابت ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر کی جانب سے پریس کانفرنس میں بھی یہی بات دہرائی گئی تھی جس میں ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بہت سوچ سمجھ کر ن لیگ کے بجائے تحریک انصاف جوائن کی، ن لیگ نے مجھے وزارت خارجہ کی آفر کی تھی جو میں نے قبول نہیں کی۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔بھارت کی پوری کوشش ہے کہ وہ پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں دھکیلے۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے یار کھنے کا فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی میں اپوزیشن سے تعاون کا کہا۔ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی میں ساتھ دینے کیلئے شرائط رکھیں۔ اپوزیشن ولاوں کی شرط تھی کہ وہ نیب قانون میں بھی ترامیم چاہتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب ابھی تک نیب قوانین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تکرار جاری ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ترامیم کی صورت میں فیٹف میں حمایت کا اعلان کرنے کی شرط رکھ دی گئی ہے۔

پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے

قومی اسمبلی میں انسداد دہشتگردی بل 2020 کثرت رائے سے منظور ہوگیا، رانا ثناء اللہ کا پیش کردہ ترمیمی بل کثرت رائے سے مسترد

اسلام آباد ویب ڈیسک :  پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں انسداد دہشتگردی بل 2020 کثرت رائے سے منظور ہوگیا ہے جبکہ رانا ثناء اللہ کا پیش کردہ ترمیمی بل کثرت رائے سے مسترد ہوگیا ہے۔ قومی اسمبلی میں انسداد دہشت گردی بل 2020ء کی شق وار منظوری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ایوان زیریں کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں شروع ہوا جس میں وزیر خارجہ کی گزشتہ روز کی طویل تقریر کے جواب میں خواجہ آصف نے تقریر کی اور شاہ محمود قریشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سخت ریمارکس دئیے۔ ان کی تقریر کے بعد متعدد مرتبہ شاہ محمود قریشی نے ذاتی وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن نے موقع نہ ملنے کی وجہ سے انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا اس دوران ایوان میں سخت شور شرابہ دیکھنے میں آیا اور ایوان کی کارروائی 3 مرتبہ ملتوی ہوئی۔

اس دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں،اسپیکر اسد قیصر نے جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی) کے اسعد محمود کا مائیک بند کردیا اور قانون سازی کا عمل شروع کرادیا۔ اسعد محمود کا مائیک بند کردینے پر اپوزیشن اور جے یو آئی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا جب کہ جے یو آئی کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔اپوزیشن کے شور شرابے اور احتجاج کے دوران ایوان نے انسداد دہشت گردی بل 2020ءکثرت رائے سے منظور کرلیا۔ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں سلامتی کونسل ایکٹ ترمیمی بل 2020ء بھی منظور کرلیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ قومی اسمبلی میں ایف اے ٹی ایف حوالے سے دو ٹائم بارڈ بلز پاس ہوئے ، اب سینٹ سے منظور ہونگے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی میں ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے دو ٹائم بارڈ بلز پاس ہوئے ،قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے بلز میں اینٹی ٹیررازم ترمیمی بل 2020، اور یو این سیکورٹی کونسل ترمیمی بل 2020 شامل ہیں ،میچول لیگل اسسٹنس کا بل قومی اسمبلی پہلے ہی پاس کر چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب یہ تینوں بلز منظوری کیلئے سینٹ میں جائیں گے اور وہاں ان بلز پر ووٹنگ ہو گی ۔

پی پی، ن لیگ نیب قوانین پر 10 گھنٹے میں ترمیم چاہتی ہیں، شاہ محمود

ویب ڈیسک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نیب قوانین پر 10 گھنٹے میں ترمیم چاہتی ہیں، اپنے دور کے 10 سال میں تو یہ ترمیم نہ کر سکے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احستاب شہزاد اکبر اور ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پارلیمانی میں اہم بل پیش ہوئے اور پاس کرلیے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان بلوں کی اہمیت اس لیے ہے کہ یہ پاکستان کو گرے سے وائٹ لسٹ میں ڈالیں گے۔ بھارت کی خواہش ہے کہ پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں ڈالا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بلیک لسٹ میں چلے گئے تو ملک کے معاشی حالات بگڑ سکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان قوانین کو محدود وقت میں طے اور پاس کر کے ایشیا پیسیفک گروپ کو بھیجنا ہے۔ اکتوبر میں ان بلوں پر پاکستان کے متعلق رپورٹ تیار کی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ اپوزیشن کو ان قوانین کے لیے بات چیت کا کہا تو وہ آمادہ ہوئے۔ اپوزیشن نے کہا ایف اے ٹی ایف پر تب بات کریں گے جب نیب قوانین میں ترامیم ہوں گی، ہم نےاپوزیشن کی بات پر عمل کیا۔

شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھا کہ یہ دس سال حکومت میں رہے، ان سے دس سال میں جو قانون سازی نہ ہوئی وہ ہم 10 گھنٹے میں کیسے کرلیں؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں رنگ سازی نہیں کر رہا، آپ رنگ میں بھنگ ڈال رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کی بات پر ردِ عمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خواجہ صاحب نے کہا میں نے قوالی سنائی، میں نے قوالی نہیں پکا راگ سنایا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے وہ پکا راگ پیش کیا جو عمران خان 22 برسوں سے لانے کا کہہ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کرپٹ عناصر پر آزاد ادارے پکا ہاتھ ڈالیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا مفاد سامنے رکھتے ہوئے بلیک میل مت کیجیے نہ یہ حکومت بلیک میل ہوگی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈیل مت کیجیے، ہم نیب پر گفتگو کے لیے تیار ہیں، میں نے تو کہا تھا سیاست میں بات ختم نہیں ہوتی، جمود طاری ہو جاتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں 14 سال کا عرصہ حذف ہوجائے، یہ ہمارے لیے ہضم کرنا مشکل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ صاحب نے کہا 2013 میں شاہ محمود ہمارے پاس آئے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2013 میں آپ کے قائد نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے قائد سے میرا پرانا تعلق ہے، مسلم لیگ ن نے مجھے وزارت خارجہ کی آفر کی تھی جو میں قبول نہیں کی اور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپنے بنیادی مسئلوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، معقول باتوں پر ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

سندھ، نالوں کی صفائی کیلئے 463 ملین روپے جاری

ویب ڈیسک : حکومت سندھ نے بارش کی ہنگامی صورتحال اور نالوں کی صفائی کے لیے 463 ملین روپے جاری کر دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے  نالوں اور دیگر متعلقہ اخراجات کی صفائی کے لیے 463 ملین روپے جاری کیے ہیں۔

بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 17 جولائی 2020 کو سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیسیسی پروگرام (ایس ڈبلیو ای ای پی) کے تحت کراچی بھر میں اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے اختیار میں رکھی گئی مون سون کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی کارروائیوں کے لیے خصوصی گرانٹ ان ایڈ کے تحت 200 ملین روپے کی رقم جاری کی گئی تھی ۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 2 جولائی 2020 کو صوبہ کے مختلف اضلاع میں نالوں کی صفائی اور مون سون کی تیاری کے لیے مزید 229 ملین روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 229 ملین روپے میں سے کوڑا اور ملبہ اٹھانے کے لیے کمشنر کراچی کو 30 ملین روپے، کمشنر حیدرآباد کو 70 روپے، کمشنر لاڑکانہ کو 20 ملین، کمشنر میرپورخاص کو 31 ملین، کمشنر شہید بینظیر آباد کو 38 ملین، 40 ملین روپے کمشنر سکھر اور سعدی ٹاؤن / مہران نالے کی صفائی / ڈی سلٹنگ کے لیے 4 ملین روپے دیئے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود اس بار سعدی ٹاؤن میں سیلاب آیا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ بارش کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ کاموں کے لیے کمشنر کراچی کو مزید 90 ملین روپے دیئے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ ’ذمہ دار‘ افراد کے ذریعہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں یہ سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔

ہم بارش کی ہنگامی صورتحال، نالوں کی صفائی اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لیے شہر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے منصوبوں کے تحت ان نالوں کو درست کیا جائے گا، ان کی پشتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور بارش کے پانی کے آسانی سے بہاؤ کے لیے تمام گھٹن والے مقامات اور رکاوٹوں کی مرمت کی جائے گی۔