All posts by Khabrain News

صوابی، بنوں میں دہشت گردی؛ 3 اہلکار شہید، 5 زخمی

خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی اور بنوں میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات پیش آئے۔ صوابی میں تھانہ صوابی کی حدود جھنڈا چوکی پر نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کی، جبکہ بنوں میں کمپنی روڈ پر سی ٹی ڈی اہلکاروں پر حملے میں تین اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او صوابی محمد اظہر خان کے مطابق نامعلوم افراد نے جھنڈا چوکی پر اچانک فائرنگ کی تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔

حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی جنگل کی طرف فرار ہو گئے۔

ڈی پی او کے مطابق علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے اور شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

بنوں کے علاقے ڈومیل میں کمپنی روڈ پر سی ٹی ڈی پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے، فائرنگ کی زد میں آ کر تین شہری بھی زخمی ہوئے۔

شہداء اور زخمیوں کو فوری طور پر کے جی این ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسپانس کے طور پر بنوں پولیس کی اضافی نفری اور بکتر بند گاڑیاں روانہ کر دی گئیں۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے اسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

ڈی جی آئی ایس آئی عاصم ملک نئے مشیر قومی سلامتی مقرر

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو مشیر قومی سلامتی مقرر کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انہیں یہ ذمہ داری اضافی چارج کے طور پر سونپی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ مشیر قومی سلامتی کے منصب پر ان کی تقرری سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ستمبر 2024 میں آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔

وہ پاک فوج کے تجربہ کار افسران میں شمار ہوتے ہیں اور قومی سلامتی، دفاعی حکمت عملی، اور انٹیلیجنس کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

اسرائیل کے جنگلات میں بدترین آتشزدگی، مرکزی شاہراہ بند، عالمی برادری سے مدد کی اپیل

اسرائیل میں یروشلم کے مضافات میں جنگلات پر بدترین آتشزدگی کے نتیجے میں مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو بے دخل کردیا گیا اور آگ پر قابو پانے کے لیے عالمی مدد کی اپیل کردی گئی ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مقامی ٹی وی پر جاری فوٹیجز میں دیکھایا گیا ہے کہ یروشلم سے تل ابیب جانے والی مرکزی شاہراہ آگ کی لپیٹ میں ہے اور لوگ اپنی گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکزی شاہراہ میں سفر کرنے والے اسرائیلی آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ نکلے اور دھوئیں سے اطراف کا پہاڑی علاقہ ڈھک گیا ہے۔

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اٹلی اور کروشیا کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے لیے تین فائرفائٹنگ جہاز بھیجنے جانے کی توقع ہے۔

اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ جنگلات میں بدترین آگ کے بعد اسرائیل نے یونان، سائپرس اور بلغاریہ سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ 120 فائرفائٹرز اور ریسکیو سروس کی درجنوں ٹیموں کو جائے وقوع پر بھیج دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ طیارے اور ہیلی کاپٹرز بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس کے سرچ اینڈ ریسکیو فورسز بھی آپریشن میں تعاون کر رہی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ تین کمیونیٹیز کو علاقے سے نکال دیا گیا ہے اور 13 افراد زخمی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی رپورٹ نہیں دی گئی ہے۔

اسرائیل کے جنگل میں ایک ایسے موقع پر آگ بھڑک اٹھی ہے جب اسرائیل کے لیے لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں دن منایا جا رہا تھا اور یوم آزادی کے حوالے سے شیڈول کئی تقاریب بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگلات میں بدترین آگ کی وجہ سے یروشلم میں ہونے والی مرکزی تقریب بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

امریکی ٹیرف کے حوالے سے سام سنگ کا انتباہ جاری!

ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد کیے جانے والے ٹیرف کمپنی کی اشیاء (بشمول اسمارٹ فونز اور چپس) کی طلب متاثر کریں گے۔

جنوبی کوریا کی الیکٹرونک کمپنی نے اپنی آمدنی کی سہ ماہی رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ رواں برس 31 مارچ تک کمپنی کی آمدنی 41.6 ارب پاؤنڈز رہی اور آپریٹنگ منافع میں 1.5 فی صد اضافہ دیکھا گیا۔

تاہم، کمپنی کے عہدیداران نے امریکا کی ٹیرف پالیسی کے حوالے سے موجود عدم استحکام کے متعلق خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسا ہونے سے سال کے آخری حصے میں ممکنہ طور پر اشیاء کی طلب میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرف کی وقتی طور پر مؤخر ہونے کے بعد گاہکوں نے اپنے آرڈر پہلے کر دیے ہیں۔ تاہم، سال کے دوسرے ششماہی اس کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

یہ ٹیرف ویتنام اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کو بھی متاثر کریں گے جہاں پر سام سنگ اپنے اسمارٹ فونز، ڈسپلے اور دیگر اشیاء تیار کرتا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس، بینکوں پر عائد ٹیکس کو بل کا حصہ بنانے کی منظوری

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بینکوں پر عائد ٹیکس کو بل کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی گئی، جس کے بعد 99 ڈی کے تحت ٹیکس عائد کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس رکن قومی اسمبلی نوید قمر کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں تفصیلی غور کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے بینکوں پر عائد ٹیکس کو بل کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی ہے اب آرڈیننس کے ذریعے ایڈوانس ڈپازٹ ریشو کو ختم کر کے 99 ڈی کے تحت ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے دوران پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ چین، سعودی عرب، امریکی انتظامیہ، متحدہ عرب امارات نے معاشی تعاون کی یقین دہانی کرائی، آئی ایم ایف پروگرام آخری بنانے کے لیے اسٹرکچرل اصلاحات پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ بجٹ کے لیے95 فیصد تجاویز چیمبرز سے موصول ہو چکی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہےاور ٹیکس پالیسی کو معاشی صورت حال کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔

بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک

بھارت میں متعدد پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کردیے گئے ہیں۔

بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی حکومت نے پاکستانی یوٹیوبرز، نیوز چینلز کے یوٹیوب اکاؤنٹس بند کرنے کے بعد اب پاکستانی اداکاروں کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

بھارت کی جانب سے مواد کی نگرانی سے متعلق قانونی درخواست کے تحت، انسٹاگرام نے کئی معروف پاکستانی اداکاروں اور انفلوئنسرز کے اکاؤنٹس تک بھارتی صارفین کی رسائی محدود کردی ہے۔

جن اداکاروں کے اکاؤنٹس بھارت میں بلاک ہوئے ان میں

اداکارہ ماہرہ خان

اداکارہ ہانیہ عامر

اداکارہ سجل علی

گلوکار و اداکار علی ظفر  سمیت دیگر شامل ہیں۔

بھارتی صارفین جب ان اکاؤنٹس تک رسائی کی کوشش کررہے ہیں تو اُن کے پاس پیغام ” اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں اور اسے محدود کرنے کی ایک قانونی درخواست پر عمل کیا ہے۔”

اس سے قبل بھارت نے وزارت اطلاعات و نشریات سمیت پاکستان کے 16 یوٹیوب چینلز کو بلاک کیا تھا۔

بلاک کیے گئے میڈیا چینلز کے علاوہ سابق کرکٹر شعیب اختر، باسط علی اور راشد لطیف سمیت دیگر انفرادی تخلیق کار بھی شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے یہ اقدام “قومی سلامتی” کے نام پر کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی میڈیا نے اسے “اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندی” قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کو مسلسل بلاک کیے جانے کے رجحان پر تنقید بھی بڑھ رہی ہے۔

سمندری آلودگی کیخلاف بڑا اقدام: وفاقی وزارت بحری امور کا سندھ حکومت سے اشتراک عمل کا اعلان

وفاقی وزارت بحری امور نے سمندری آلودگی پر قابو پانے اور شہر کا فضلہ ٹریٹمنٹ کے بغیر سمندر میں گرنے جیسے سنگین آبی آلودہ کے مسئلے کے تدارک کے لیے سندھ حکومت اور میئر کراچی کے ساتھ اشتراک عمل کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے وفاقی وزیر بحری امور چوہدری جنید انور نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مکتوب لکھنے اور میئر کراچی سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔ نہروں کے خلاف دھرنے سے متاثرہ کارگو پر ڈیمرج اور پورٹ چارجز میں رعایت دی جائیگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سمندری آلودگی کے مسئلے پر سندھ حکومت اور میئر کراچی کے اشتراک کے بغیر قابو پانا مشکل ہے، وفاقی وزارت بحری امور فضلہ کو ٹریٹ کرنے والے پلانٹس نصب کرنے اور ان پلانٹس کو چلانے کے لیے تیار ہے، تاہم نجی شعبہ اور سندھ حکومت کی شراکت داری ضروری ہے۔

 بدھ کی شب بحری امور کے رپورٹرز سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں میں دنیا کے مختلف ممالک دلچسپی لے رہے ہیں، قازقستان گوادر پورٹ سے ریل لنک بنانا چاہتا ہے، یورپی کمپنی مرسک کی  پاکستان کے پورٹ انفرااسٹرکچر میں ملٹی بلین ڈالر سرمایہ کاری کے لیے وزیر اعظم سے اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی ہے اور آئندہ ماہ باضابطہ معاہدہ طے ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بحری امور کے پراجیکٹس کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کریں گے،صنعتی زمین پر رئیل اسٹیٹ کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی، دونوں بندرگاہوں سے امریکی ایکسپورٹ کو فاسٹ ٹریک ترسیل کی سہولت مہیا کررہے ہیں۔

امریکا کی دی گئی مہلت میں زیادہ سے زیادہ ایکسپورٹ کنسائنمنٹس کو آگے بڑھانے میں مدد دے رہے ہیں دھرنے اور ہائی ویز کی بندش سے ایکسپورٹرز امپورٹرز کے نقصانات کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پھنس جانے والے کنسائمنٹس پر ڈیمرج اور پورٹ چارجز میں رعایت دیں گے ،کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سے پھنس جانے والے کارگو کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

پاک-بھارت کشیدگی، واہگہ/اٹاری بارڈر بند کردیا گیا، بھارت رہ جانے والوں کی واپسی کیسے ہوگی؟

پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں میں مقیم ایک دوسرے کے شہریوں اور لانگ ٹرم ویزا رکھنے والوں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد واہگہ/اٹاری بارڈر بند کردیا گیا جبکہ دونوں ممالک میں رہ جانے والے شہریوں کی واپسی کے لیے مہلت میں توسیع یا پھر ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بارڈر بند ہونے کے باوجود اب بھی سرحد کے دونوں جانب بڑی تعداد میں ایک دوسرے ملک کے شہری موجود ہیں جنہیں واپسی کے لیے مزید مہلت دی جائے گی یا پھر اب انہیں ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ سات روز کے دوران 58 سفارت کاروں، ان کے اہل خانہ اور معاون عملے سمیت 891 پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ 8 بھارتی شہری جن کے پاس پاکستانی ویزا تھا، واہگہ-اٹاری سرحد کے ذریعے بھارت سے واپس پاکستان آئے ہیں جبکہ اسی دوران بھارت کے 29 سفارت کار، ان کے اہل خانہ اور عملے کے ارکان سمیت ایک زہار 687 بھارتی شہری اور 373 ایسے پاکستانی شہری جن کے پاس طویل المدتی بھارتی ویزے تھے، 30 اپریل تک واہگہ-اٹاری بین الاقوامی سرحد کے ذریعے واپس بھارت گئے ہیں۔

حکام کے مطابق 30 اپریل کو 110 پاکستانی بھارت سے واپس پاکستان پہنچے، جن میں سفارتی عملے کے تین ارکان شامل ہیں جبکہ پاکستان سے 222 افراد بھارت گئے جن میں بھارتی سفارتی عملے کے چار لوگ شامل تھے۔

اسی طرح 29 اپریل کو 94 پاکستانی شہری، جن میں 10 سفارتکار شامل ہیں، بھارت سے واپس لوٹے، 28 اپریل کو 145 پاکستانی، جن میں 36 سفارت کار اور ان کے اہل خانہ شامل تھے بھارت سے واپس آئے۔

اس سے قبل 27 اپریل کو 237 پاکستانی شہری، جن میں 9 سفارت کار اور عملے کے ارکان شامل تھے، واپس پہنچے، 26 اپریل کو 81، 25 اپریل کو 191، اور 24 اپریل کو 28 پاکستانی بھارت سے واپس آئے۔

پاکستان سے واپس بھارت جانے والوں میں 30 اپریل کو 222 افراد شامل تھے جن میں بھارتی سفارتی عملے کے لوگ بھی شامل تھے، 29 اپریل کو 469 بھارتی شہری، جن میں 11 سفارت کار اور عملے کے ارکان، 28 اپریل کو 146، 27 اپریل کو 116، 26 اپریل کو 342 بشمول 13 سفارتکار اور معاون عملے کے ارکان، 25 اپریل کو 287 اور 24 اپریل کو 105 بھارتی شہری پاکستان سے واپس چلے گئے۔

دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے شہریوں کو واپسی کے لیے جو ڈیڈلائن دی تھی وہ ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد واہگہ/اٹاری بارڈر بند کردیا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بھی سرحد کی دونوں جانب ایک دوسرے ملک کے شہری موجود ہیں جو واپس نہیں جاسکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایسے افراد کو واپس ان کے ملک بھیجنے سے متعلق ابھی تک کوئی نئی پالیسی سامنے نہیں آئی ہے تاہم ایک امکان یہ ہے کہ ان شہریوں کو واپسی کے لیے مزید چند دن کی مہلت دی جاسکتی ہے جبکہ دوسرا امکان یہ ہے کہ ایسے افراد کو اب دونوں ملک ڈی پورٹ کریں گے۔

امریکا بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیزی سے گریز کرے،وزیراعظم کی امریکی وزیرخارجہ سے گفتگو

امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی پر دونوں ممالک کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے آج ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

امریکی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو کو پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا اور دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور پاکستان کو 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بھارت کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویش ناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور دہشت گردی بالخصوص افغان سرزمین سے سرگرم داعش، کالعدم ٹی ٹی پی، اور بی ایل اے سمیت عسکریت پسند گروپوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔

انہوں نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے امریکا پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور ذمہ داری سے کام لے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا، جو پاکستان کے 240 ملین لوگوں کے لیے لائف لائن ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی فریق کے لیے یک طرفہ طور پر دستبردار ہونے کی کوئی شق نہیں ہے، جموں و کشمیر تنازع کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

پاک-امریکہ دوطرفہ تعاون کے بارے میں وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور امریکا نے گزشتہ 70 برسوں میں مل کر کام کیا ہے اور دونوں فریق مزید کئی شعبوں بشمول انسداد دہشت گردی اور معاشی تعاون بڑھانے، معدنیات کے شعبے میں بھی تعاون کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران بڑی اقتصادی اصلاحات کی ہیں اور اس کے نتیجے میں پاکستان اب اقتصادی بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ روبیو نے تفصیلی بات چیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں فریق کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دیدی

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 19 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 210 رنز کے تعاقب میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

یونائیٹڈ کی جانب سے آندے ہاؤس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان آغا 36، کپتان شاداب خان 13، نسیم شاہ 11، صاحبزادہ فرحان 9، حیدر علی 5، عماد وسیم 2، اعظم خان 1، بین ڈوارشوئس 1 جبکہ جیسن ہولڈر 0 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 4، سکندر رضا نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور ٹام کرن نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔سکندر رضا نے 39 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ڈیرل مچل 28، محمد نعیم 25، عبداللہ شفیق 22 اور آصف علی 0 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

سیم بلنگز 17 گیندوں پر 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے 2، 2  اور بین ڈوارشوئس نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسکواڈ:

لاہور قلندرز: فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بِلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، ٹام کرن، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، آصف آفریدی

اسلام آباد یونائیٹڈ: آندرے ہاؤس، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، عماد وسیم، حیدر علی، جیسن ہولڈر، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بین ڈوارشوئس، نسیم شاہ، حنین شاہ